اسلام آباد(آئی پی ایس)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپوزیشن کو خبردار کیاہے کہ اسلام آباد بہارہ کہو سے دہشت گرد گروپ گرفتار کیا گیا، دہشت نہیں پھیلانا چاہتا لیکن اسلام آباد میں دہشت گرد حملے کی اطلاعات ہیں ،سب سے زیادہ خطرہ مجھے اور مولانا فضل الرحمان کو ہے، کوئی بندہ یونیفارم میں اسلام آباد نہ آئے، ملیشیا ء کے لباس میں جو اسلام آباد آیا اس کو نہیں چھوڑوں گا، نوازشریف اور آصف زرداری مولانا فضل الرحمان کو استعمال کررہے ہیں،مولانا سے درخواست سے مدارس کے طلبہ کو استعمال نہ کریں، عدم اعتماد جمہوریت کا حصہ ہے، لیکن اپوزیشن عمران خان سے ذاتی لڑائی لڑنے جا رہی ہے، تحریک عدم اعتمادپر الیکشن کے دن پارلیمنٹ ہاوس، پارلیمنٹ لاجز اور پرانا ایم این اے ہاوس رینجرز اور ایف سی کے حوالے ہوگا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ کہ اپوزیشن کے پاس 172 بندے پورے نہیں اس لیے یہ حرکتیں کررہے ہیں، میں پورے یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ ان کے پاس 172 بندے پورے نہیں ہیں، یہ عدم اعتماد کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں, کل مولانا فضل الرحمن اینکر شاہزیب خانزادہ سے بھی لڑگئے کہ تم کون ہوتے ہو یہ کہنے والے کہ ہمارے پاس بندے پورے نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ عدم اعتماد سے بھاگنا چاہتے ہیں اور عدم اعتماد سے جان چھڑانا چاہتے ہیں، یہ عدم اعتماد سے پہلے اسلام آباد میں کوئی ہنگامہ کرنا چاہتے ہیں، یہ عدم اعتماد سے کسی اور طرف جائیں گے تو دھر لیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کے پی کے کے چیف سیکریٹری اور آئی جیز کو میں نے ہدایت کی ہے کہ انصار الاسلام کا کوئی بھی بندہ یونیفارم میں اسلام آباد کی جانب نہ آئے، سب کان کھول کر سن لیں کہ ملیشیا کے لباس میں جو بھی اسلام آباد آیا تو اسے نہیں چھوڑیں گے، ہم نے مرادن اور نوشہرہ میں بھی ایکشن لیا ہے۔، آپ نے 172 بندے لانے ہیں لیکن آپ ملیشیا کو لاکر کیا تاثر دینا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد اپوزیشن کا جمہوری حق ہے اس لیے میں نے ابھی لحاظ کیا ہے، جب تک کوئی ایم این اے قانوں کو ہاتھ میں نہیں لے گا اس وقت تک کوئی ان کو ہاتھ بھی نہیں لگائے گا، تمام اپوزیشن کو درخواست کرنا چاہتا ہوں کہ کسی غلط فہمی کا شکار نہ رہنا، پرائیوٹ ملیشیا کے ذریعے اسلام آباد میں دہشتگردی پھیلانے کا حق کسی کو حاصل نہیں ہے۔