اہم خبریںپاکستان

جو تشدد کرے گا اسے کچل دیا جائے گا،شیخ رشید کا اعلان

اسلام آباد(آئی پی ایس) پارلیمنٹ لاجز میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کی ذیلی تنظیم انصار الاسلام کے خلاف پولیس کے آپریشن کے بعد وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے پارلیمنٹ لاجز میں ڈرامہ کیا، مسئلہ انصار الاسلام کا تھا، سیاست کرنے کے لیے دوسری پارٹیاں آگئیں، گھیراؤ سے پہلے 101 بارسوچنا، جو بھی تشدد کرے گا اسے کچل دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول آفس کھول دیا ہے، 20 سے 22 دنوں تک وزارت داخلہ 24 گھنٹے دستیاب ہوگی، 23مارچ کو مسلح افواج پریڈ کرنے جا رہی ہیں، جو قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش کرے گا اس سے نمٹا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا نے پریس کانفرنس میں اشتعال انگیز ویڈیو بیان سناتے ہوئے کہا کہ یہ جتھا لیکر چلے ہیں ان کا یہ حال ہے، عدم اعتماد ان کا قانونی حق ہے، 14دن کے اندر اسپیکر جب چاہیں اجلاس بلا لیں گے، ان کے پاس 172 بندے اکٹھے نہیں ہو رہے انھیں بہانہ چاہیے، اگر کوئی قانون ہاتھ میں لے گا تو پھر چیخیں نہ مارنا، ہم نے چار سال پورے کرلیے آپ کے ساتھ وہ ہوگا جو آپ نے سوچا بھی نہیں ہوگا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ لندن کے بھگوڑوں کے لیے بھی پیغام ہے، کسی جگہ سڑک بند ہوئی تو آئی جی کھلوائے گا، 50 لوگ کپڑے بدل کر بھاگ گئے، 19 کو پکڑلیا، صلاح الدین ایوبی کے ساتھ گارڈ کو اندر جانے پر ناکے پر اہلکاروں کو معطل کیا۔
وزیر داخلہ نے مولانا کی گرفتاری کے حوالے سے سوال پرجواب دیتے ہوئے کہا کہ مولانا نے کہا لاٹھیاں تیل میں بھگوئی ہوئی ہیں، ہم نے تو کوئی لاٹھی نہیں چلائی، ہم کمپنی کی مشہوری کے لیے انہیں گرفتار نہیں کریں گے، تحریک عدم اعتماد ناکام، ناکام ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا سیاست سے کوئی تعلق نہیں بہت اچھی بات ہے۔
قبل ازیں ارلیمنٹ لاجز میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کی ذیلی تنظیم انصار الاسلام کے خلاف پولیس کے آپریشن کے معاملے پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا اسلام آباد میں دہشت گردی کا الرٹ جاری کیا جا چکا ہے، ہمارے پاس اطلاعات اچھی نہیں ہیں، خدانخواستہ عدم اعتماد سے پہلے امن و امان کا مسئلہ پیدا نہ ہو جائے۔
اسلام آباد میں پارلیمنٹ لاجز میں پولیس کے آپریشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہم نے بہت اہم سیل پکڑا ہے، 60 سے 70 لوگ لاجز میں داخل ہوئے، ان کے لاجز میں کپڑے بدلوائے گئے، پولیس نے 4 گھنٹے تک منت سماجت، مذاکرات کیے کہ ان لوگوں کو ہمارے حوالے کر دیں، ہمارے حوالے نہ کرنے پر پولیس نے آپریشن کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ انصار الاسلام کے لوگ پیچھے بھی آ رہے ہیں، نتیجہ آپ بھگتیں گے، کانوں کو ہاتھ لگائیں گے، باہر سے لوگ آرہے ہیں اور ہم کوشش کریں گے انہیں روک لیا جائے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker