
اسلام آبا د (آئی پی ایس )مولانا فضل الرحمان کی کال پر جے یو آئی کے کارکن سڑکوں پر نکل آئے ، ڈی چوک سمیت تھانہ آبپارہ کے سامنے احتجاج ، سڑکیں بلاک ، ڈی چوک اور ریڈ زون سیل کر دیا گیا ، ملک کے کئی شہروں سمیت اہم شاہرواوُں پر دھرنے دے کر سڑکیں بھی بلاک کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق جمعیت علمائے اسلام کے کارکن تھانہ آبپارہ کے باہر بھی جمع ہوگئے ہیں جبکہ تھانہ آبپارہ کے باہر دونوں اطراف کی سڑکیں بلاک ہو گئی ہیں۔ جے یو آئی کے محافظ دستے انصار الاسلام کے کارکن بھی تھانے کے باہر موجود ہیں۔
ادھر جے یو آئی کے کارکنان کی جانب سے اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، خضدار، نوشہرو فیروز سمیت دیگر کئی مقامات پر دھرنے دیئے گئے، حکومت کے خلاف نعرے بازی کی گئی جبکہ پاک ایران اور پاک افغان شاہرات بھی بند کر دی گئیں۔
دوسری جانب بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے منان چوک پر جمعیت کے کارکنان نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور اسلام آباد واقعہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔کوئٹہ کے علاوہ خضدار، مستونگ اور کچلاک میں بھی جے یو آئی(ف)کے کارکنان نے دھرنا دیا۔