اسلام آباد(آئی پی ایس)مسلم لیگ(ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ آئین میں غیر ملکی ذرائع، کمپنیوں سے فنڈنگ لینے کی ممانعت ہے، پی ٹی آئی نے پاکستان دشمن ممالک کے ذرائع سے فنڈنگ حاصل کی، پی ٹی آئی کئی برس سے الیکشن کمیشن اور عدالتی کارروائی سے راہ فرار اختیار کرتی رہی، الیکشن کمیشن پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کا فوری فیصلہ کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
احسن اقبال نے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں کے وفد نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی، پاکستانی سیاست کے سب سے بڑے فراڈ کا کیس سات سال سے زیر التوا ہے۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے جذبات کا فائدہ اٹھا کر اربوں روپے ہتھیائے، غیر قانونی اکائونٹس سے فنڈنگ لیکر چھپایا گیا، کروڑوں روپے کی خرد برد کی گئی۔احسن اقبال نے کہا کہ آئین میں غیر ملکی ذرائع، کمپنیوں سے فنڈنگ لینے کی ممانعت ہے، پی ٹی آئی نے پاکستان دشمن ممالک کے ذرائع سے فنڈنگ حاصل کی، پی ٹی آئی کئی برس سے الیکشن کمیشن اور عدالتی کارروائی سے راہ فرار اختیار کرتی رہی۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ چائے والے کے اکانٹس میں کروڑوں روپے منگوائے گئے، عمران خان اپنے چائے والے، کمپیوٹر آپریٹر کے اکانٹس میں پیسوں کا نہیں بتا رہے۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے پاکستانی تاریخ کا سب سے بڑا فراڈ کیا، پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا، پی ٹی آئی اپنا کیچڑ دوسروں پر پھینک کر راہ فرار اختیار کرنا چاہتی ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ ہماری ممنوعہ فنڈنگ کا کوئی ثبوت ہے تو سات دن میں سکروٹنی کمیٹی میں پیش کریں، الیکشن کمیشن پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کا فوری فیصلہ کرے، پاکستان کے جمہوری نظام کو ہائی جیک کرنے کیلئے پی ٹی آئی ملک دشمنوں سے فنڈنگ لے رہی ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ عمران نیازی نے قومی قائدین کا تمسخر اڑایا جس کی مذمت کرتا ہوں، عمران خان نے ثابت کیا وہ وزیراعظم تو دور محلے کا کونسلر بننے کی بھی اہلیت نہیں رکھتے۔
قبل ازیں متحدہ اپوزیشن نے الیکشن کمیشن سے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد سنانے کی درخواست جمع کرادی ہے۔اپوزیشن جماعتوں نے حکومت پر دبا بڑھانے کے لیے الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کے خلاف فارن فنڈنگ کیس کو استعمال کرنے کا فیصلہ ہے۔اسلام آباد میں اپوزیشن کے وفد نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے ملاقات کی۔
اپوزیشن کے وفد میں احسن اقبال، مریم اورنگزیب، کامران مرتضی ندیم افضل چن، فیصل کریم کنڈی اور میاں افتخار شامل تھے۔اس موقع پر متحدہ اپوزیشن نے چیف الیکشن کمشنر کو پی ٹی آئی فارن کے خلاف فارن فنڈنگ کیس سے متعلق تحریری درخواست جمع کرادی۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسکروٹنی کمیٹی پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کی تحقیقاتی رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کراچکی ہے۔متحدہ اپوزیشن نے اپنی درخواست میں مزید کہا ہے کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس فیصلہ فوری سنائے۔