اہم خبریں

گھبرانے والا نہیں، عدم اعتماد کی ناکامی کے بعدحساب چکا دوں گا، وزیراعظم

اسلام آباد(آئی پی ایس)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والا نہیں، تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد سب کا حساب چکا دوں گا ،پنجاب میں پیدا ہونے والے حالات پر بھی قابو پا لیں گے۔وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کے سینئر رہنمائوں کا اجلاس ہوا ، جس میں شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، فواد چوہدری اور فرخ حبیب کے علاوہ قانونی ٹیم بھی شریک ہوئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں تحریک عدم اعتماد سے نمٹنے سے متعلق مشاورت کی گئی اور سینئر رہنمائوں نے موجودہ صورتحال سے نمٹنے کی تجاویز دی۔اجلاس کے دوران عدم اعتماد کی تحریک کے قانونی پہلوں کا بھی جائزہ لیا گیا اور اتحادیوں سے ہونے والی ملاقاتوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔اجلاس کے شرکا نے اتحادیوں کی جانب سے دی گئی یقین دہانیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

شاہ محمود قریشی ،پرویز خٹک سمیت پارٹی کے سینئر رہنمائوں نے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک کو ناکام بنائیں گے، اپوزیشن کے غبارے سے ہوا نکلنے والی ہے۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کے کئی ارکان ہمارا ساتھ دیں گے، ہم نے اپنا ہوم ورک مکمل کر لیا ہے، اپوزیشن کو کچھ دن خوش ہو لینے دیں، سرپرائز دیں گے۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ میں اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والا نہیں، پہلے بھی اس مافیا کا مقابلہ کیا اب بھی کروں گا۔وزیر اعظم نے کہا کہ پریشانی کی کوئی بات نہیں، تمام ارکان میرا ساتھ دیں گے، پنجاب میں پیدا ہونے والے حالات پر بھی قابو پا لیں گے، عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد سب کا حساب چکا دوں گا ۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker