کراچی(آئی پی ایس) آسٹریلوی کھلاڑی ڈیوڈ وارنر نے کہا ہے کہ دورہ پاکستان کے حوالے سے سب کچھ مثبت ہے، پاکستانی بہت پیار کرنیوالے لوگ ہیں ۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈیوڈ وارنر کا کہنا تھا کہ کھیل کے دوران انجوائے کرنا چاہئیے، کرائوڈ کھیل کا سب سے اہم حصہ ہے اس لیے ان کے ساتھ انجوائے کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ شین وارن بننا چاہتا تھا اور میں نے اپنا کیریئر بھی بولر کی حیثیت سے شروع کیا۔دورہ پاکستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دورہ پاکستان کے حوالے سے سب کچھ مثبت ہے، یہاں بہت پیار کرنے والے لوگ ہیں اور کرائوڈ نے بھی ہمیں سپورٹ کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی اور کرکٹ آسٹریلیا نے اس دورے کے لیے بہت کام کیا ہے۔
راولپنڈی میں پچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کی وکٹ بے جان تھی، ہم ایسا میچ چاہتے ہیں جس میں بولرز کے لیے چانس ہو۔کراچی میں کنڈیشن کا جائزہ لیں گے، کراچی میں کتنے اسپینرز کھیلیں گے اس کا نہیں پتہ۔انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی ہے کہ جب پی ایس ایل ہوتی ہے تو انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہا ہوتا ہوں اس لیے مشکل ہو جاتا ہے۔
واضح رہے کہ آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ وارنر کرکٹ میچ کے دوران اپنی انوکھی حرکات کے باعث اتنے زیادہ مشہور ہوگئے ہیں کہ وہ گرانڈ میں سب کی توجہ کا مرکز رہتے ہیں۔