راولپنڈی +لاہور(آئی پی ایس)ملک کے مختلف شہروں میں ایک ہفتے کے دوران مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں مرغی کا گوشت 07 روپے اضافے کے بعد 400 روپے سے بڑھ کر 407 روپے فی کلو ہو گیا ہے۔دوسری جانب فارمی انڈے کی قیمت 132 روپے فی درجن ہوگئی ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق مارکیٹ میں مرغی کا گوشت 410 روپے فی کلو میں فروخت ہونے لگا ہے جو کہ ایک ہفتہ پہلے 300 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا تھا۔دوسری جانب رولپنڈی کی اوپن مارکیٹ میں مرغی کی قیمت کو پر لگ گئے، مرغی کا گوشت غریب عوام کی قوت خرید سے باہر نکل گیا، مارکیٹ میں مرغی کا گوشت اندرون شہر 435 روپے کلو نواحی ایریاز میں 445 روپے کلو ہوگیا۔
راولپنڈی میں مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ کا سلسلہ جاری ہے۔ اب اوپن مارکیٹ میں مرغی کی قیمت سال کی بلند ترین سطح کو چھونے لگی اندرون شہر ذندہ مرغی ریکارڈ 290 روپے کلو، مرغی کا گوشت 435 روپے کلو جبکہ نواحی ایریاز میں زندہ مرغی 300 روپے کلو، مرغی کا گوشت 445 روپے کلو کر دیا گیا۔مرغی کے گوشت کی قیمت بڑھنے کے بعد انڈے بھی اضافہ سے 130 روپے درجن ہوگئے، ضلعی انتظامیہ اور پرائس، کنٹرول مجسٹریٹ مرغی کی قیمتوں میں مسلسل بے بس اور ناکام دکھائی دیتے ہیں۔
کراچی میں بھی جانوروں میں لمپی اسکن وائرس کی موجودگی کے انکشاف کے بعد مرغی اور مچھلی کی قیمت میں اچانک بڑا اضافہ ہو گیا ہے اور مرغی کا گوشت قیمیت 500 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔خیال رہے کہ ماہرین صحت نے جانوروں میں لمپی اسکن نامی بیماری کی تشخیص کے بعد عوام سے دودھ اور گوشت سے پرہیز کرنے کی درخواست کی ہے۔واضح رہے کہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں مسلسل تیسرے ہفتے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ایک ہفتے کے دوران برائلر مرغی کی فی کلو قیمت میں 25روپے95پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔ برائلر مرغی کی فی کلو قیمت 279 روپے 55 پیسے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
رواں ہفتے ایل پی جی کا گھریلو سیلنڈر 217 روپے 57 پیسے مہنگا ہوا جس کے بعد گھریلو سیلنڈر کی قیمت 2306 روپے سے بڑھ کر 2523 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ایک ہفتے کے دوران گھی کے پیکٹ کی قیمت میں 16 روپے 71 پیسے کا اضافہ ہوا۔ رواں ہفتے ڈھائی کلو گھی کا ٹن 38 روپے 56 پیسے مہنگا ہوا۔رواں ہفتے مسٹرڈ آئل کی فی کلو قیمت میں 12 روپے 33 پیسے کا اضافہ ہوا جبکہ بچوں کا خشک دودھ 5 روپے 69 پیسے مہنگا ہوگیا۔رواں ہفتے گرم مصالحہ ،دہی ،چائے کی پتی، مٹن اور تازہ دودھ بھی مہنگاہوا۔رواں ہفتے کے دوران 13 اشیا کی قیمتوں میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔ٹماٹروں کی فی کلو قیمت میں 37 روپے 28 پیسے اور انڈوں کی فی درجن قیمت میں 10 روپے 71 پیسے کی کمی ہوئی۔ رواں ہفتے لہسن،دالوں،چینی ، پیاز اور گڑ کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی۔