
کراچی :وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عد م اعتماد اپوزیشن کی سیاسی موت ہے، اندرون سندھ کا دورہ کرنے آ رہا ہوں، آصف زرداری میرا پہلا ٹارگٹ ہے، سندھ کے لوگ ڈاکو زرداری سے آزادی چاہتے ہیں۔
گورنر ہائوس کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سب سے زیادہ جو خطہ تبدیلی چاہتا ہے وہ سندھ ہے۔کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت سے ملاقات کے بعد گورنرہاس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ کے لوگوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں آزادی کا وقت قریب آگیا ہے۔پیپلز پارٹی کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آزادی کا وقت آگیا ہے، سندھ کے لوگ ڈاکو زرداری سے آزادی چاہتے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کو اپوزیشن کی سیاسی موت قرار دے دیا۔وزیراعظم نے ایک بار پھر چیئرمین پیپلز پارٹی کی اردو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری خدا کا واسطہ ہے بلاول کو اردو تو سکھا دو، 15 سال ہو گئے ہیں اسے ابھی تک یہ نہیں پتہ کہ بارش آتا ہے یا آتی ہے، میں نے دو سال میں انگریزوں کو اردو سیکھتے دیکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے وہ کام کیا جس کے لیے میں اللہ سے دعا مانگ رہا تھا کہ یہ کریں، ایک کہاوت ہے کہ جب گیڈر کی موت آتی ہے تو وہ شہر کی جانب دوڑتا ہے اور عدم اعتماد اپوزیشن کی سیاسی موت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں کپتانی کا راز یہی ہے کہ وہ پہلے دن سے اگلے دن کی پلاننگ شروع کرتا ہے، میں بہت ٹائم سے انتظار کر رہا تھا، میں 25 سال سے ان چوروں کے خلاف جہاد کر رہا ہوں، اپنے ملک کے لیے ان چوروں کے خلاف لڑ رہا ہوں۔
ا نہوں نے کہاکہ اللہ نے ہمیں تمام مشکلات سے نکالا ہے اور مجھے اللہ پر یقین ہے کہ ہم اس مشکل سے بھی نکل جائیں گے، ڈاکوئوں کے گلدستے کو خوف آنا شروع ہو گیا ، سندھ کے لوگ ڈاکو زرداری سے آزادی چاہتے ہیں۔
ا نہوں نے کہا کہ میں خود اندرون سندھ کا دورہ کرنے آ رہا ہوں، آصف زرداری میرا پہلا ٹارگٹ ہے، اب میرا مشن ہے کہ جو ظلم سندھ کے لوگوں کے ساتھ ہو رہا ہے انہیں اس سے آزادی دلوائی جائے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگوں کو کے سی آر کی مبارکباد دیتا ہوں،کسی وفاقی حکومت نے کراچی میں وہ کام نہیں کیے جو ہم کرنے جارہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ریکارڈ ٹیکس کلیکشن ہماری حکومت میں ہوئی، یہی وجہ ہے کہ ہم نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کمی کی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم کیں، ہمارے ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت دبئی سے بھی کم ہے جہاں سے تیل ان کی زمین سے نکلتا ہے۔