لاہور(آئی پی ایس)جہانگیرترین گروپ کے سینئر رہنما علیم خان لندن کیلئے روانہ ہوگئے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کووزارت اعلیٰ کے عہدے سے ہٹانے کا مشن لے کر علیم خان لندن میں جہانگیر ترین سے ملاقات کیلئے چلے گئے ہیں ذرائع کے مطابق دونوں رہنما پنجاب کی موجودہ سیاسی صورتحال پر مشاورت کریں گے،آئندہ کے لائحہ عمل کے لئے تجاویز زیر غور آئیں گی۔
سابق سینئر صوبائی وزیر علیم خان سے گذشتہ روز وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ملاقات کی تھی جس کے دوران انہیں وزیراعظم کا خصوصی پیغام پہنچایا تھا۔ علیم خان نے وزیراعظم کے پیغام کے حوالے سے فواد چودھری اور عمران اسماعیل سے جہانگیر ترین کے ساتھ مشاورت تک کا وقت مانگا تھا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد نے سیاسی ایوانوں میں ہلچل مچا رکھی ہے، ایک جانب حکومت پارلیمنٹ میں اپنے نمبر پورے کرنے کی فکر میں ہے تو اپوزیشن بھی اپنا پورا زور لگائیہوئے ہے۔ گذشتہ روز پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے دعوی کیا تھا کہ ہم 172ارکان کو ایوان میں لائیں گے اور اس کے ساتھ ساتھ ان سے 172 سے زائد ووٹ لیں گے۔