لاہور(آئی پی ایس) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد ناکامی کی نوشتہ دیوار ہے وزیراعظم عمران خان سرخرو ہو کر نکلیں گے ۔وزیراعلی عثمان بزدار نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ اپوزیشن نے عدم اعتماد کا جو گڑھا کھودا ہے وہ خود اس میں گرے گی، اپوزیشن کے پاس نمبر گیم پوری نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کی ناکامی نوشتہ دیوار ہے، وزیراعظم عمران خان عدم اعتماد سے سرخرو ہو کر نکلیں گے، عدم اعتماد کی تحریک میں کوئی جان نہیں۔وزیراعلی پنجاب کا کہنا ہے کہ اپوزیشن اکٹھی ہو کر بھی وزیراعظم عمران خان کا مقابلہ نہیں کرسکتی، انکی سیاست صرف ذاتی مفادات کے گرد گھوم رہی ہے۔عثمان بزدار نے مزید کہا کہ اپوزیشن کو نہ ملک کا خیال ہے اور نہ عوام کا، اقتدار کی ہوس میں اپوزیشن عناصر نے قومی مفادات کو دائو پر لگایا ہوا ہے۔