
اسلام آباد(آئی پی ایس)وزیراعظم عمران خان کو اپوزیشن جماعتوں سے رابطہ رکھنے والے 28 حکومتی ارکان کی فہرست پیش کردی گئی ہے۔سول انٹیلی جنس ادارے کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کو مبینہ طور پر 28 ارکان قومی اسمبلی کی فہرست پیش کی ہے۔
میڈیارپرٹس کے مطابق وزیر اعظم کو پیش کی گئی فہرست میں اتحادی جماعتوں کے اراکین کا ذکر نہیں، فہرست میں تمام ارکان کا تعلق تحریک انصاف سے ہے ۔سول ادارے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ اراکین قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد آنے کی صورت میں اپوزیشن کی حمایت کرسکتے ہیں۔فہرست میں شامل بیشتر ارکان وہ ہیں کو دیگر جماعتیں چھوڑ کر تحریک انصاف میں آئے تھے۔
وزیراعظم نے تمام ناراض اراکین کو منانے کا ٹاسک پرویز خٹک اور شاہ محمود کو دیا ہے جب کہ مبینہ مشکوک اراکین کی نگرانی بھی شروع کروا دی گئی ہے۔واضح رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے آئندہ 2 روز میں تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کا امکان ہے۔شہباز شریف نے ایوان میں 187 ارکان کی حمایت کا دعوی کیا ہے۔آئین کے تحت تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کے بعد وزیر اعظم، اسمبلی تحلیل نہیں کرسکتے اور اسپیکر قومی اسمبلی مقررہ دنوں میں اس پر کارروائی مکمل کرنے کے پابند ہیں۔