ممبئی(آئی پی ایس)بالی ووڈ کے نامور اداکار سنجے کپور کی بیٹی شنایا کپور آخر کار اپنی پہلی بالی وڈ فلم حاصل کرنے میں کامیاب رہیں اور ان کی اس کامیابی کا سہرا کسی اور کو نہیں کرن جوہر کو جاتا ہے۔حال ہی میں کرن نے سوشل میڈیا پر شنایا کے پوسٹر کے ساتھ اپنی نئی فلم بے دھڑک کا اعلان کیا۔
شنایا کے ساتھ دو نئے اداکار لکشے اور گر فتح کا بھی ڈیبیو ہو رہا ہے۔پوسٹر کے ساتھ اپنی پوسٹ میں کرن جوہر نے شنایا کی تعارف کرتے ہوئے لکھا پیش ہیں نمرِت کے کردار میں خوبصورت شنایا کپور میں بڑے پردے پر ان کی انرجی اور ٹیلنٹ دیکھنے کا بے صبری سے انتظار کر رہا ہوں۔اس پوسٹر کو شنایا کے پاپا سنجے کپور نے بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیا جو کرن جوہر کے قریبی دوستوں میں شمار ہوتے ہیں اور حال ہی میں نیٹ فلکس پر مادھوری ڈیکشت کے ساتھ ریلیز ہونے والی کرن جوہر کی ویب سیریز دی فیم گیم کا حصہ ہیں۔
اس خبر کے عام ہوتے ہی سوشل میڈیا پر شنایا کے تایا انیل کپور، کزن ارجن کپور، سونم کپور، جھانوی کپور سبھی نے انھیں مبارکباد کے ساتھ نیک تمنائیں پیش کیں۔ساتھ ہی شنایا کی ممی مہیپ کپور بھی بہت خوش ہیں اور انھیں جھولی بھر بھر کر دعائیں دے رہی ہیں جو کرن جوہر کی ویب سیریز فیبیولس لائف آف بالی وڈ وائفز میں پہلے ہی کام کر چکی ہیں۔ان کے علاوہ شنایا کے قریبی دوست سہانا خان اور اننیہ پانڈے بھی سوشل میڈیا پر خوشی سے پھولے نہیں سما رہیں۔ اب انتظار ہے تو بس کنگنا کی پوسٹ کا جو کرن جوہر کو اقربا پروری کا سرغنہ کہہ کر پکارتی ہیں۔