
مٹھی(آئی پی ایس )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق وزیر اعلی سندھ و وزیر اعظم کے معاون خصوصی ارباب غلام رحیم نے مٹھی میں سندھ حقوق مارچ کے جلسہ عام میں پی پی پی کے ساتھ پی ٹی آئی پر بھی تنقید کے نشتر چلا دیے اور وفاقی حکومت سے نالاں دکھائی دیے۔
تفصیلات کے مطابق ارباب غلام رحیم نے سندھ حقوق مارچ کے جلسے سے خطاب کے دوران پارٹی کی مرکزی قیادت کے سامنے گلے، شکووں کے انبار لگا دیے۔انہوں نے کہاکہ میں پی ٹی آئی میں آکر مس فٹ ہوگیا ہوں،کام کرنے کو بہت ہیں جو نہیں ہو رہے، اس پر عمران خان سے بات کروں گا۔ تھر میں بڑے عرصے سے وفاقی سرکارکے اعلان کردہ کام ابھی شروع نہیں ہوئے ۔ 14 سال سے میں اپوزیشن میں ہوں،
پہلے خورشید شاہ سے رابطہ تھا اب نہیں ۔
انہوں نے کہا کہ سابق ضلع چیئرمین و سابق ایم این اے ڈاکٹر غلام حیدر سمیجو تو ملازمین کی تنخواہ سے بھی پیسے لیتا تھا۔ مجھے کہا گیا کہ زرداری کے پاس چلو میں نہیں گیا اور جھکا نہیں ۔ ارباب رحیم نے کہا کہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو تھر کے لوگوں کی قدر کرنی چاہیے۔
میں مخدوم شاہ محمود کے کہنے پر پی ٹی آئی میں نہیں گیا۔ میں نیچے گردن کرکے پیپلزپارٹی میں شامل ہونے والا نہیں ہوں، عمران خان کی حکومت کام کرے۔ ڈگری سے گیس تھر کو بھی دی جائے۔