اہم خبریںپاکستان

بلاول بھٹو کی وزیراعظم کو مستعفی ہونے کیلئے 5دن کی مہلت

بہاولپور /احمد پور شرقیہ(آئی پی ایس ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کو مستعفی ہونے کے لیے 5 دن کی مہلت دیدی۔

بلاول بھٹو زرداری نے بہاولپور کی تحصیل احمد پور شرقیہ میں لانگ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم سے کہتے ہیں کہ 5روز کے اندر خود مستعفی ہوجائیں، عوام ساتھ ہو تو دنیا کی کوئی طاقت راستہ نہیں روک سکتی، عوام ہمارا ساتھ دیں ، ساہیوال پہنچنے سے پہلے خوشخبری آئے گی۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے کہتے ہیں کہ 5روز کے اندر خود مستعفی ہوجائیں، عمران خان اسمبلی توڑواور ہمارا مقابلہ کرو، اگر آپ خود مستعفی نہ ہوئے تو ہم اسلام آباد آکر آپ کا بندوبست کریں گے، عدم اعتماد لائیں گے اور آپ کو ہٹا کر رہیں گے، پانچ دن بعد ہمارے نمبر پورے ہو چکے ہوں گے، ایوان میں ہر ایم این اے عدم اعتماد میں ہمارے ساتھ ہے۔بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ہم نالائق ،ناجائز حکومت کو ہٹانے کے لیے نکلے ہیں، اسلام آباد میں کٹھ پتلی سے ٹکرائیں گے، اپوزیشن جماعتوں کوعدم اعتمادپرساتھ دینا چاہیے، حکومتی اتحادیوں کو بھی کٹھ پتلی کاساتھ نہیں دینا چاہیے، پاکستان کے عوام بھی کٹھ پتلی کے ساتھ نہیں ہیں۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے خان بیلہ میں مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے سوال ہے 3 سال گزر چکے کیا تبدیلی نظر آئی ؟ نالائق، نااہل وزیراعظم کو ہٹانے کیلئے نکلے ہیں، پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل کی وجہ سے ملک معاشی بحران سے گزر رہا ہے، ہم پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل کیخلاف نکلے ہیں، بڑھتی مہنگائی اور بیروزگاری کیخلاف احتجاج کر رہے ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ قائد عوام کو شہید کر کے پیپلزپارٹی کو ختم کرنے کی سازش کی گئی، محترمہ کے شہید ہونے پر زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، آصف زرداری نے ملک میں جمہوریت کو بحال کیا، آصف زرداری نے سندھ اور بلوچستان کو حق دیا، 18 ویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو اختیارات دیئے، لانگ مارچ شروع ہوتے ہی اپوزیشن جماعتیں پیپلزپارٹی کے پیج پر آچکیں، کٹھ پتلی سے عوام کا اعتماد اٹھ چکا، اب پارلیمان کا اعتماد اٹھنا چاہیے، 3 سال میں جو کوئی نہیں کرسکا وہ پیپلزپارٹی کے عوامی مارچ نے کر دکھایا، کٹھ پتلی عوامی مارچ کی طاقت دیکھ کر گھبرا گیا، کٹھ پتلی نے گھبرا کر پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کر دی۔بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ق لیگ مفت میں ووٹ نہیں دے گی، انہیں بہتر پیشکش دینی چاہیے، کون کون رابطے میں ہیں، مناسب وقت پر نام سامنے لائیں گے۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت کو ہٹانے کیلئے عدم اعتماد ہی جمہوری طریقہ ہے، عمران خان کے بعد محدود مدت کا سیٹ اپ آئے گا، وزیراعظم کیلئے شہباز شریف کو ووٹ دینا پیپلزپارٹی کیلئے کڑا ٹاسک ہے، ملکی مفاد میں شارٹ ٹرم کیلئے یہ قربانی دینے کو تیار ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker