
اسلام آباد (آئی پی ایس )سپریم کورٹ نے ملک بھر میں پولیس کی پروموشن سے متعلق یکساں پالیسی بنانے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے ہدایت کی ہے کہ آئندہ سماعت پر صوبوں اوروفاق میں پولیس پروموشن کی یکساں پالیسی کی رپورٹ پیش کی جائے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پورے ملک میں تعینات پولیس کو برابر حقوق اور مراعات ملنی چاہیں۔منگل کو چیف جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ نے کیس کی سماعت کی۔
دوران سماعت چیف جسٹس نے کہا کہ پورے ملک میں پولیس کی پروموشن کی ایک ہی پائیدار اور جامع پالیسی ہونی چاہیے۔پالیسی بنانے کیلئے پولیس افسران پر مشتمل کمیٹی وفاق اور صوبوں سے مشاورت کرے۔
جسٹس مقبول باقرکا کہنا تھا کہ یکساں پالیسی سے ملک کے مختلف حصوں میں پوسٹ ہونے والے پولیس افسران کو مسئلہ بھی نہیں ہوگا۔عدالت نے سماعت مارچ کے تیسرے ہفتے تک ملتوی کر دی۔