
حیدرآباد (آئی پی ایس )چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان اپنے خطاب میں اسمبلی توڑنے اور مستعفی ہونے کا اعلان کریں ورنہ ہم اسلام آباد آرہے ہیں،ہم نئے الیکشن کے لیے تیار ہیں، ابھی تو سندھ سے نکلے ہی ہیں کہ بنی گالا سے چیخ و پکار شروع ہوگئی،نالائق حکومت مہنگائی بڑھانے کے سوا کچھ نہیں کررہی، ہمارا مارچ سلیکٹڈ حکومت کے خلاف ہے، ایک ہی جماعت ہے جو مزدوروں کے ساتھ کھڑی ہے وہ پیپلز پارٹی ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ سلیکٹڈ کو گھر بھیجا جائے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کا کراچی سے شروع ہونے والا حکومت مخالف لانگ مارچ ٹنڈو آدم سے ہوتا ہوا حیدر آباد پہنچ گیا جہاں فتح چوک پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا، آصفہ بھٹو زرداری بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج اس نے قوم سے خطاب کرنا ہے تو آج ہی الیکشن کا اعلان کریں، پاکستان کے عوام الیکشن میں سلیکٹڈ کو رد کریں گے، خود اسمبلی توڑ دو اور مستعفی ہوجا، جیالے لانگ مارچ اورعدم اعتماد لاکر تمہیں گھر بھیجیں گے، آج دوسرا دن ہے اور بنی گالہ کی چیخیں نکل رہی ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ عمران خان نے چینی، آٹا چوری کیا ہے، آصف زرداری نے آئین کو بحال اور 18 ویں ترامیم دیں، آپ کے صوبے پختونخوا کو آصف زرداری نے شناخت دی، ایران گیس پائپ لائن زرداری نے دی اور تم مکمل نہیں کرسکے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام دلوایا۔ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ یہ تماشے نہیں چلیں گے، حساب دینا ہوگا، بزدل وزیراعظم اتنا پریشان ہوگیا ہے، پہلے میڈیا پر نہ بولنے کی پابندی لگا رہا تھا، کہتا ہے جو وزیراعظم کے خلاف بولے پانچ سال جیل جانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے جیالے سلیکٹڈ سے حساب لینے میدان میں نکلے ہیں، عوامی مارچ میں جیالوں کا جوش و جذبہ دیکھ کرکٹھ پتلی نے گھبرانا شروع کردیا ہے، کٹھ پتلی نے اپنے کچھ وزیرسندھ بھیجے ہیں، این ایف سی ایوارڈ، اٹھارویں ترامیم، پانی پر ڈاکہ تو اس نے مارا ہے، تم نے چاروں صوبوں کے ساتھ نا انصافی کی ہے۔
قبل ازیں بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے سلیکٹڈ کو بھگانا اور پاکستان کو بچانا ہے، پیپلزپارٹی نے ہر دور کے آمر کا ڈٹ کا مقابلہ کیا، عوام کو حقوق دلوانے کیلئے نکلے ہیں، جیالوں کی جدوجہد ضرور کامیاب ہوگی۔چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ٹنڈو محمد خان میں لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کہتے ہیں گھبرانا نہیں، مہنگائی، بیروزگاری، غربت بڑھ گئی، تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا تو وزیراعظم نے گھبرانا شروع کر دیا، انہوں نے وزرا سندھ بھیج دئیے، سیاسی یتیم پوچھتے ہیں کہ پیپلزپارٹی نے کیا کیا، عوام کی طاقت سے حکمرانوں کو بھگائیں گے۔
ادھر وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ پورے ملک کے عوام کی آواز ہے، بلاول بھٹو مہنگائی، بے روزگاری اور کرپٹ حکومت کیخلاف نکلے ہیں، وفاق مسلسل صوبوں کی حق تلفی کر رہا ہے، سلیکٹڈ حکومت سے جان چھڑانا پورے ملک کی آواز ہے، لانگ مارچ میں ہزاروں افراد شریک ہیں، بلاول بھٹو اس بے حس حکومت کو نیند سے جگائیں گے، لانگ مارچ کے شرکا 8 مارچ کو اسلام آباد پہنچیں گے۔مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت بدزبانی چھوڑ کر عوام کا سوچے، پی ٹی آئی رہنما پکنک پر سندھ میں نکلے ہیں، تحریک انصاف کے مارچ میں خالی کرسیاں ہیں، حکومت کو آئینی طریقے سے گھر بھیجیں گے، وزیراعظم قوم سے خطاب میں یہی کہیں گے کسی کو نہیں چھوڑوں گا۔