اسلام آباداہم خبریںعلاقائی

ممبر فنانس سی ڈی اے کا ایف نائن پارک کا دورہ ، انتظامات کا جائزہ لیا

اسلام آباد(آئی پی ایس )وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے )کے چیئرمین کی خصوصی ہدایت پر سی ڈی اے کے ممبر فنانس نے اتوار کے روز ایف نائن پارک کا دورہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ شعبوں کے افسران بھی ممبر فنانس کے ہمراہ تھے۔
ممبر فنانس نے پارک کی سیکورٹی کو ہر حال میں یقینی بنانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے متعلقہ شعبوں کو کہا کہ پارک کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر سیکورٹی گارڈز کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے اور سیکورٹی گارڈز کی پیٹرولنگ بھی بڑھائی جائے تاکہ درختوں کی غیر قانونی کٹائی سمیت دیگر شکایات کا سدباب کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ پارک میں مختلف مقامات پر جدید سی سی ٹی وی کیمروں کو بھی نصب کیا جائے تاکہ پارک میں آنے والے شہریوں اور بالخصوص فیملیز کو حفاظتی ماحول فراہم کیا جاسکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیکورٹی گارڈز کے لئے آوٹ سورسنگ کی جائے اور ان تمام معاملات کا تخمینہ لگا کر جلد از جلد اخبارات میں ٹینڈرز بھی شائع کئے جائیں۔ مزیدبرآں پارک کے اطراف ٹوٹی ہوئی فینس کو بھی ازسر نو نصب کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔
اسی طرح روشنی کے مناسب انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے بھی متعلقہ شعبہ جات کو ہدایت جاری کی گئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارک میں عوام الناس کی رہنمائی کیلئے پارک میں مختلف مقامات پر سائن بورڈز بھی آیزواں کئے جائیں تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ ان تمام سیکورٹی معاملات کو ضلعی انتظامیہ کی سیکورٹی ایپ کے ساتھ بھی منسلک کیا جائے۔
مزیدبرآں پارک میں صفائی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مزید ڈسٹ بینز کو واکنگ ایریاز، پارکنگ ایریا سمیت دیگر جگہوں پر نصب کیا جائے اور ہر حال میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ اسی طرح پارک میں عملے کی کمی کو پورا کرکے جلد از جلد پارک میں تعینات کرنے کی ہدایت بھی ممبر فنانس کی جانب سے کی گئیں۔
علاوہ ازیں پارک کو مزید سرسبز، خوبصورت اور پرکشش بنانے کے لئے انہوں نے کہا کہ پارک میں مزید شجرکاری کی جائے اور مختلف رنگوں کے موسمی پھول اور پھلدار درخت بھی لگائیں جائیں تاکہ آنے والے شہری بالخصوص فیملیز پر سکون ماحول میں بھرپور لطف اندوز ہوسکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker