
پنڈ دادنخان (آئی پی ایس )وفاقی وزیراطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ 15دن سے سن رہے ہیں عدم اعتماد آ رہی ہے، اپوزیشن نے صرف سیاسی دکان چمکائی ہوئی ہے، صورتحال سے لگتا ہے مارچ کیلئے بندے بھی ہم کو دینا پڑیں گے،جہانگیر ترین حکومت کے ساتھ ہیں،پاکستان آزاد خارجہ پالیسی پر عمل پیرا ہے، پاکستان نے ہمیشہ امن کیلئے کردار ادا کیا، وزیراعظم عمران خان ہمیشہ جنگ کے خلاف رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پنڈ دادن خان میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو نہیں پتہ ان کا لیڈر کون ہے، 15دن سے سن رہے ہیں عدم اعتماد آ رہی ہے، اپوزیشن نے صرف سیاسی دکان چمکائی ہوئی ہے، صورتحال سے لگتا ہے مارچ کیلئے بندے بھی ہم کو دینا پڑیں گے، جہانگیر ترین حکومت کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ روس کامیاب رہا، پہلی بار آزاد خارجہ پالیسی دیکھنے کو ملی، پاکستا ن نے اپنے مفاد میں خارجہ پالیسی تشکیل دی ہے، پاکستان نے ہمیشہ امن کیلئے کردار ادا کیا، وزیراعظم عمران خان ہمیشہ جنگ کے خلاف رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا اب سکڑ گئی ہے، روس اور یوکرین کے درمیان جنگ ہو رہی ہے، یوکرین،روس کشیدگی سے تیل اور اشیا کی قیمتیں بڑھ گئیں،روس اور یوکرین 40 فیصد گندم پیدا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ یوکرین اور روس کے درمیان صورتحال جلد معمول پر آئے، یوکرین میں پھنسے پاکستانیوں کو نکالنے کیلئے تسلی بخش انتظامات کئے گئے ہیں، کسی بھی پاکستانی کو تکلیف نہیں پہنچی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان دلیر ، مضبوط اور قد آور رہنما ہیں، ان کے روس کے دورہ سے ان لوگوں کو پریشانی ہوئی جن کی دولت باہر ہے۔