دنیا کی سب سے بڑی اسٹریمنگ ویب سائٹ نیٹ فلیکس نے پاکستان میں سروس کے آغاز کے 6 سال بعد پہلی اوریجنل ویب سیریز بنانے کا عندیہ دے دیا۔نیٹ فلیکس نے 22 کروڑ سے زائد آبادی والے ملک میں 2016 کے آخر میں سروس کا آغاز کیا تھا اور اب تک اس پر متعدد پاکستانی فلمیں اور ڈرامیں بھی ریلیز کی جا چکی ہیں۔پاکستان میں اسٹریمنگ ویب سائٹس کی مقبولیت میں گزشتہ چند سال کے دوران اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور اسی رجحان کو دیکھتے ہوئے اب نیٹ فلیکس نے پہلی پاکستانی اوریجنل ویب سیریز بنانے کا عندیہ دے دیا۔نیٹ فلیکس نے گزشتہ 6 سال کے دوران کسی بھی پاکستانی اوریجنل ویب سیریز، فلم یا شو کو پیش نہیں کیا جب کہ پڑوسی ملک بھارت میں ویب سائٹ نے متعدد ویب سیریز اور فلمیں بنائی ہیں۔