
راولپنڈی(آئی پی ایس )سماجی وانسانی حقوق کی رہنما مریم ادریس نے کہا ہے کہ بھارتی ظلم کشمیریوں کے صبر و استقلال اور استقامت سے شکست کھا چکا ہے، کشمیری ماں، بہنوں کی جرات اور استقامت کو سلام ہو جو تحریک آزادی کشمیر کے لیے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور بھارتی فوج کے مظالم کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہیں،عالمی برادری اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں ان انسانیت سوز مظالم پر خاموش تماشائی بننے کی بجائے اپنا کردار ادا کریں اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی کو رکوائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم مزاحمت نسواں کشمیر کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کیا، انسانی حقوق کی رہنما مریم ادریس کا کہنا ہے کہ تئیس فروری مزاحمت نسواں کشمیر کا دن مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کا سیاہ ترین دن ہے جس دن بھارتی قابض افواج نے نہتی، بے گناہ اور بے یارومددگار خواتین کی اجتماعی بے حرمتی کی بھیانک مثال قائم کی پر اس ظلم پر عالمی برادری اندھی، بہری اور گونگی بنی ہوئی ہے
مریم ادریس کا کہنا ہے کہ میں بہادر کشمیری خواتین کو سلام پیش کرتی ہوں جنہوں نے بھارتی ظلم و جبر کے خلاف مزاحمت کی یہی وجہ ہے کہ کوئی جبر و استبداد انہیں حق خود ارادیت کی منزل سے دور نہیں کر سکتا۔میں کشمیر کی ان بہنوں کو بھی سلام پیش کرتی ہوں جنہوں نے اپنے شوہروں کو آزادی کشمیر پر قربان کردیا، ان ماں کو بھی خراج تحسین پیش کرتی ہوں جنہوں نے اپنے لخت جگر وار دیے۔
انسانی حقوق کی رہنما مریم ادریس کا کہنا ہے کہ مودی کے فسطائی ایجنڈے اور نفرت کی آگ میں آج خود بھارت جل رہا ہے۔ انڈیا میں اقلیتوں کے حقوق کو روندا جارہا ہے سب سراپا احتجاج ہیں بھارت جو خود کو جمہوریت کا چیمپئن کہلواتا ہے اسکا اصلی چہرہ دنیا کے سامنے آ چکا ہے.