پاکستانٹیکنالوجی

خواتین ڈیجیٹل مالی معیشت سے فائدہ اٹھائیں ، ڈاکٹر ثانیہ نشتر

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی طرف سے ٹیلی کام آپریٹروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشترکہ معاونت کے تحت پاکستان میں ڈیجیٹل صنفی تفریق کو کم کرنے اور قابل رسائی،سستی اور ڈیجیٹل مہارتوں سے متعلق اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

پی ٹی اے نے کنیکٹڈ پاکستان: آئی سی ٹی میں صنفی شمولیت کے عمل کو تیز کرنے اور ڈیجیٹل مستقبل کی تشکیل کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں کمپنیوں کے ساتھ  معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ دوران تقریب آئی سی ٹی میں صنفی شمولیت اور قومی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ اشتراک کے ذریعے پاکستان میں خواتین کو ڈیجیٹل طور پر بااختیار بنانے کے لئے سہولیات کی فراہمی پر توجہ مرکوز کی گئی۔

تقریب کی مہمان خصوصی وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سوشل پروٹیکشن اینڈ پاورٹی ایلی ویشن ڈاکٹر ثانیہ نشتر تھیں۔ ارکان  پارلیمنٹ، وفاقی سیکرٹری برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام، ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت؛ چیئرمین پی ٹی اے؛ میجر جنرل(ریٹائرڈ) عامر عظیم باجوہ، اتھارٹی کے ممبران، جاز، ٹیلی نار اور پی ٹی سی ایل گروپ کے سی ای اوز کے ساتھ ساتھ سی ایم پاک (زونگ)، یوفون، سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) ہواوے پاکستان، بین الاقوامی اداروں اور سول سوسائٹی کے اراکین نے تقریب میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کی مناسبت سے پی ٹی اے کے فعال اور جامع نقطہ نظر کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو رسمی معیشت میں لانے کے لیے ڈیجیٹل مالیاتی خدمات میں اضافے کے ذریعے فائدہ اٹھاناچاہیے۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام خواتین کو بااختیار بنانے اور ڈیجیٹل شمولیت کے لیے ایک اہم  اقدام ہے۔

اس موقع پر وفاقی سیکرٹری برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام نے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے پاکستانی عوام کے لیے ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے وسیع پیمانے پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور رابطوں کو بڑھانے کے لیے دور دراز علاقوں پر بھی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی ٹی میں خواتین کی شرکت بڑھ رہی ہے اور خواتین کو ٹیکنالوجی کے شعبے میں شمولیت کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ پی ٹی اے پاکستان میں آئی سی ٹی کے شعبے میں صنفی شمولیت کی بہتری اور سب تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی تب ممکن ہے جب تمام اسٹیک ہولڈرز ڈیجیٹل صنفی تقسیم کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے آخر میں آئی ٹی یو، یونیسکو اور جی ایس ایم اے کے ساتھ ساتھ موبائل فون آپریٹروں (سی ایم اوز) اور ہواوے پاکستان جیسے قومی شراکت داروں کا تعاون بڑھانے پر شکریہ ادا کیا۔

اس تقریب میں آئی ٹی یو ٹیلی کمیونیکیشن ڈیولپمنٹ بیورو، یونیسکو اور جی ایس ایم اے کے خصوصی ویڈیو پیغامات بھی شامل تھے۔ یونیسکو نے ڈیجیٹل شمولیت کی حکمت عملی کی تیاری اور آئی سی ٹیز تک رسائی میں صنفی برابری کے لیے پی ٹی اے کے ساتھ معاونت کا اعلان کیا۔ اردو زبان میں جی ایس ایم اے کی موبائل انٹرنیٹ سکلز ٹریننگ ٹول کٹ (ایم آئی ٹی ٹی) بھی متعارف کرائی گئی جس کے ذریعے لوگوں کو موبائل انٹرنیٹ تک رسائی اور استعمال کرنے کے حوالے سے بنیادی مہارتیں سکھائی جائیں گی جن کی انہیں ضرورت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker