
اسلام آباد(آئی پی ایس )وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ سی ڈی اے اور ریجنل صدر پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ عوام خبردار رہے ، مفاد پرستوں کا ٹولہ ایک مرتبہ پھر اکٹھا ہو رہا ہے، نواز شریف ہو یا زرداری بلاول ہو یا مریم سب کا مقصد صرف لوٹی ہوئی دولت کا تحفظ ہے ان کو عوام سے کوئی غرض نہیں
بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے مجوزہ عدم اعتماد تحریک کامیاب ہونے کی صورت میں وزارتِ عظمی ن لیگ کو دینے کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے علی نواز اعوان نے کہا کہ سٹیٹس کو کے حامی یہ سیاست دان یہی چاہتے ہیں کہ باریاں لیتے رہیں اور اپنی اثاثوں میں اضافہ کرتے رہیں
انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا کیونکہ پاکستان تحریک انصاف اور اتحادیوں سمیت تمام ارکان پارلیمنٹ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں گزشتہ ساڑھے تین سال سے حکومت گرانے کی تاریخیں دے رہے ہیں اور اس بار بھی ان کا عدم اعتماد کا دعوی محض دعوی ہی رہے گا
انہوں نے کہا کہ موروثی سیاست کی پیداوار بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز کی سوچ بھی وہی روایتی سوچ ہے جو ان کے بڑوں کی رہی ہے یہ گوارہ نہیں کرتے کہ عام آدمی ترقی کرے بلکہ ان کی تمام تر پالیسیاں اپنے لیے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت عالمی سطح پر ہونے والی مہنگائی سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کوششیں کر رہی ہے اور انشااللہ بہت جلد اس کے ثمرات سامنے آئیں گے عوام ان روایتی موروثی سیاست کے علمبرداروں کے جھانسے میں نہ آئیں