
اسلام آباد(آئی پی ایس )پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)نے مولانا فضل الرحمان اور جہانگیر ترین کی ملاقات کی تردید کردی۔تفصیلات کے مطابق ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ نے دونوں رہنماں کے درمیان ملاقات کی خبر کی تردید کی۔حافظ حمد اللہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ڈرائنگ روم اورآف شور سیاست پریقین نہیں رکھتے، عدم اعتماد تحریک کامیاب بنانے کیلئے ملاقاتیں خفیہ نہیں بلکہ قوم کے سامنے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم جلد مذاکراتی جرگہ تشکیل دے گی جس میں تمام اپوزیشن جماعتوں کی نمائندگی ہوگی اور جرگہ مختلف سیاسی جماعتوں سے ملاقاتیں کریگا۔اس سے قبل جے یو آئی کے رہنما اکرم درانی بھی مولانا فضل الرحمان اور جہانگیر ترین کی ملاقات کی خبر کی تردید کرچکے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان اورجہانگیر ترین کی ملاقات کی خبر سامنے آئی تھی جس میں ذرائع کا کہنا تھا کہ ملاقات پرسوں شام لاہور میں نامعلوم مقام پر ہوئی جو کہ تقریبا آدھا گھنٹہ جاری رہی۔ذرائع نے بتایا کہ یہ ملاقات دونوں طرف کے مشترکہ دوستوں نے کرائی ہے، مولانا فضل الرحمان چوہدری برادران سے ملنے کے بعد جہانگیر ترین سے ملاقات کے لیے گئے تھے۔