
اسلام آباد ۔۔۔ وفاقی ترقیاتی ادارہ (کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی) اسلام آباد کے شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کےلئے بھرپور اقدامات اٹھا رہا ہے. اس سلسلے میں روڈ انفرسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لئے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے چبکہ شہر کے مختلف علا قوں کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور بحالی کے کا م بھی تیزی سے جاری ہیں۔ اس ضمن میں آئی سیریز سیکٹر (ایسٹ) میں آئی الیون تھری اور آئی الیون فور بشمول میٹرو کیش اینڈ کیری روڈ کی کارپیٹنگ کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ مذکورہ بالا سیکٹرز میں روڈ انفراسٹرکچر میں مزید بہتری کے لئے تخمینے کو حتمی شکل دینے کے بعد سی ڈی اے انتظامیہ کی جانب سے 104.422 ملین روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے جس کے لئے ٹینڈرز کو بھی اخبارات میں شائع کردیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اس منصوبے کے تحت سیکٹر آئی الیون کی بڑے روڈ، سروس روڈ ایسٹ سمیت میٹرو کیش اینڈ کیری روڈ سمیت سیکٹر کی دیگر سڑکوں کی بحالی اور تعمیر و مرمت کا کام کیا جائے گا۔ ان شاہراہوں کی تعمیر و مرمت اور بحالی کے کام کے بعد جہاں ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنایا جاسکے گا وہیں اس سیکٹر کے مکینوں کو بھی بہتر سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔





