
اسلام آباد (آئی پی ایس )وزیراعظم عمران خان نے اپنی حکومت میں بہترین کارکردگی دکھانے والی 10 وزارتوں کا اعلان کرتے ہوئے وزرا میں تعریفی سرٹیفیکیٹ تقسیم کیے ہیں۔
حکومت کے معیار کے تحت اعلی کارکردگی دکھانے والی وزارتوں میں حیرت انگیز طور پر چند اہم وزارتیں اور میڈیا پر متحرک وزرا شامل نہیں تھے جن میں وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل، علی امین گنڈا پور کے علاوہ چند دیگر وزرا شامل ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ جہاں اعلی کاردگی دکھانے والوں کے لیے جزا کا اعلان ہوا وہاں بری کارکردگی کے لیے کسی سزا کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔وزیراعظم کے دفتر سے اعلی کارکردگی دکھانے والی وزراتوں کی فہرست جاری کی گئی ہے جس کے مطابق مراد سعید کی وزارت مواصلات اول نمبر پر آئی ہے۔اعلی کارکردگی دکھانے والوں میں اسد عمر کی وزرات برائے منصوبہ بندی، ثانیہ نشتر کی وزارت تخفیف غربت، شفقت محمود کی وزارت وفاقی تعلیم، شیریں مزاری کی وزارت انسانی حقوق، خسرو بختیار کی صنعت و پیدوار، رزاق داود کی وزارت تجارت و سرمایہ کاری، شیخ رشید کی وزارت داخلہ اور فخر امام کی وزارت فوڈ سیکورٹی شامل تھیں۔اچھی کارکردگی کے سرٹیفیکیٹ نہ حاصل کر سکنے والوں میں چند انتہائی متحرک وزرا شامل ہیں جو میڈیا پر حکومت کا بھرپور دفاع کرتے نظر آتے ہیں اور اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیتے ہیں۔ کارکردگی سرٹیفیکیٹ نہ پانے والوں میں وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری، وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل، وزیر توانائی حماد اظہر، وزیر امورِکشمیر امور علی امین گنڈاپور، وزیرقانون فروغ نسیم، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز اور وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان اور وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب شامل تھے۔اہم ترین وزارتوں میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر دفاع پرویز خٹک کی وزارتیں بھی کارکردگی سرٹیفیکیٹ حاصل نہ کر پائیں۔