
اسلام آباد ۔۔۔۔ جامع سیاسی، انتظامی اور مالی اختیارات کا حامل بلدیاتی نظام جمہوریت کا جزو، نچلی ترین سطح تک ترقی و فلاح کا ذریعہ ہے۔ پاکستان تحریک انصاف عوام کو سیاسی و انتظامی طور پر بااختیار بنانے کی راہ پر گامزن ہے۔ اس حوالے سے اپنے منشور کی روح پر عمل کرتے ہوئے آگے بڑھیں گے اور جدید جمہوریتوں کے طرز پر مؤثر بلدیاتی نظام کے قیام کی منزل حاصل کریں گے۔ وفاقی دارالحکومت میں ریکارڈ ترقیاتی کام کے بعد شہر کے تمام شہریوں کو قومی صحت کارڈ کی فراہمی تاریخی نوعیت کا اقدام ہے جس پر وزیراعظم عمران خان کے خصوصی شکرگزار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے وفاقی ترقی و پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد کے صدر علی نواز اعوان نے اسلام آباد کے 2015 کے بلدیاتی قانون پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا نہایت لاپرواہی و سطحی انداز میں تیار کئے گئے قانون نے سابق حکمران جماعت کے وابستگین کیلئے عہدوں کا اہتمام تو کیا مگر اس بے روح قانون سے وفاقی دارالحکومت کے نظم و نسق میں بہتری کا کوئی امکان پیدا نہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ نقائص سے بھرپور اس قانون نے اسلام آباد کے شہریوں کو درپیش انتظامی مسائل کے حل کی کوئی سبیل پیدا کی نہ ہی انتظامی، سیاسی و مالی معاملات میں انہیں کوئی معنی خیز کردار میسر آیا۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ پاکستان تحریک انصاف بلدیاتی نظام کو انتظامی اسکیم کا بنیادی جزو سمجھتی ہے اور چاہتی ہے کہ دنیا کی کامیاب جمہوریتوں کی طرز پر مقامی سطح پر عوام کے سیاسی و انتظامی اختیارات میں بدرجہ اتم اضافہ کیا جائے اور ان اوصاف و خواص سے آراستہ کیا جائے جن کے ذریعے شہریوں کی فلاح و ترقی کا پائیدار بندوبست ممکن ہوسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف جدید بلدیاتی نظام کے حوالے سے اپنے تصورات کو باضابطہ طور پر قانون کی صورت میں ڈھال رہی ہے۔ وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کو ایسا جدید نظام دیں گے جس سے شہر اور شہریوں کی ہیئت و حالت میں تیزی سے بہتری آئے گی۔ دوسری جانب وزیر اعظم کے معاون خصوصی و صدر پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد نے ریجنل ایڈوائزری کونسل کے اہم اجلاس کی بھی صدارت کی اور وفاقی دارالحکومت کی سو فیصد آبادی کو قومی صحت کارڈ ملنے پر خوشی و اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی صحت کارڈ کی بدولت اسلام آباد کے شہریوں کی صحت و سلامتی کا غیر معمولی اہتمام ممکن ہو پایا ہے جس کا وعدہ وزیراعظم عمران خان نے ان سے کیا تھا۔ انہوں نے کہا قومی صحت کارڈ کی شکل میں اسلام آباد کے رہائشی ہر خاندان کے پاس دس لاکھ روپے تک کا سرمایہ اور درجنوں اسپتالوں تک رسائی کی اہلیت میسر آچکی ہے جس سے صحت و علاج کے باب میں انقلاب برپا ہے۔ انہوں نے عوام کی فلاح و ترقی کیلئے اقدامات کا تسلسل برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی بیروزگاروں کی سازشوں سے مرعوب ہوئے بغیر قوم کی خدمت کے اپنے ایجنڈے کا نفاذ مکمل کریں گے۔





