
اسلام آباد(آئی پی ایس )وفاقی ترقیاتی ادارے(سی ڈی اے )کی انتظامیہ کی خصوصی ہدایت کی روشنی میں شعبہ سٹریٹ لائٹ اسلام آباد شہر میں روشنی کے مناسب نظام کو یقینی بنانے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھا رہا ہے۔
اس سلسلے میں شہر کی مختلف مرکزی شاہراہوں، رابطہ سڑکوں، چوراہوں، گلیوں اور مارکیٹس میں نئی سٹریٹ لائٹس کی تنصیب، خراب سٹریٹ لائٹس اور ٹرانسفارمرز کی بحالی کا کام شروع کیا جارہا ہے۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر جی ایٹ، جی نائن، جی ٹین، جی الیون سمیت کشمیر ہائی وے ٹی ایف کمپلیکس تا جی ٹوئیلو کی مختلف مرکزی شاہراہوں، رابطہ سڑکوں اور مارکیٹس میں خراب سٹریٹ ٹرانسفارمر کی بحالی اور ضروری سپیئر پارٹس کی تنصیب کے لئے شعبہ سٹریٹ لائٹس کی جانب سے چار ملین روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ اسی طرح سیکٹر آئی ایٹ، آئی نائن، آئی ٹین، آئی الیون، ایچ ایٹ، ایچ نائن، ایچ ٹین، ایچ الیون میں خراب سٹریٹ لائٹس ٹرانسفارمر کی بحالی اور دیکھ بھال کے لئے بھی تین ملین روپے کا بجٹ رکھا گیا ہے۔مزیدبرآں سیکٹر ایف ایٹ، ایف نائن، ایف ٹین، ایف الیون اور ڈی ٹوئیلو میں روشنی کے مناسب نظام کو یقینی بنانے کیلئے خراب سٹریٹ لائٹس ٹرانسفارمر کی بحالی اور مرمت سمیت دیگر ضروری سپیئر پارٹس کی تنصیب کے لئے بھی تقریبا چار ملین روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ جبکہ جی نائن مرکز میں ٹریفک سگنل کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور اسکی اپ گریڈیشن کے لئے شعبہ سڑیٹ لائٹس کی جانب سے 1.5 ملین روپے کا بجٹ رکھا گیا ہے۔علاوہ ازیں سیکٹر آئی ٹین تھری میں واقع سٹیل مارکیٹ میں روشنی کے مناسب نظام کو یقینی بنانے کیلئے نئی اور جدید سڑیٹ لائٹس کی تنصیب کا فیصلہ کیا گیا ہے جسکے لئے سی ڈی اے انتظامیہ کی جانب سے 1.7 ملین روپے کا بجٹ مختص کیا گیا۔ جبکہ جناح ایونیو تا ایف ٹین مرکز گول چکر تک ٹوٹے بجلی کے پولز کی بحالی اور مرمت کے لئے نو لاکھ روپے کا بجٹ رکھا گیا ہے۔مزکورہ بالا علاقوں میں نئی سٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور خراب سٹریٹ لائٹس اور ٹرانسفارمرز کی بحالی اور مرمت کے لئے مجموعی طور پر 15 ملین روپے کی لاگت آئے گی اس ضمن میں ٹینڈرز اخبارات میں شائع کئے جاچکے ہیں۔





