
اسلام آباد(آئی پی ایس )وزیراعظم عمران خان نے اراکین اسمبلی کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے اپنے حلقوں میں عوامی رابطہ مہم تیز کریں۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت گوجرانوالا ڈویژن سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ کا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران اراکین قومی اسمبلی سید فیض الحسن شاہ، حاجی امتیاز احمد چودھری، چودھری شوکت علی بھٹی اور محترمہ وجیہ اکرم، اراکین صوبائی اسمبلی سلیم سرور جوڑا، میاں اختر حیات، چوہدری لیاقت علی، محمد ارشد چودھری، محمد اخلاق، طارق تارڑ، گلریز افضل گوندل اور محمد احمد چٹھہ نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران متعلقہ حلقوں کے سیاسی امور اورترقیاتی منصوبوں پرتبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے انہیں آنے والے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے پارٹی کارکنان کو متحرک کرنے کی بھی ہدایت کی۔عمران خان نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اپنے اپنے حلقوں میں عوامی رابطہ مہم تیز کریں، عوام کے مسائل کے جلد از جلد حل کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کریں۔