
وہاڑی۔۔۔۔ مرکزی علماء کونسل بورےوالا کے زیر اہتمام یکجہتی کشمیر ریلی سینئر صوبائی نائب صدر مرکزی علماء کونسل پنجاب حافظ محمد ابوسفیان حنفی کی زیر قیادت نکالی گئی جس میں مرکزی علماء کونسل کے کارکنوں سمیت معززین شہر نے بھی شرکت کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صوبائی نائب صدر مرکزی علماء کونسل پنجاب حافظ محمد ابوسفیان حنفی نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جب تک کشمیر اور پاکستان نہیں ملتے تقسیم ہند مکمل نہیں ہو سکتی۔ بھارت جمہوریت کے لبادے میں ایک انتہاء پسند ہندو ریاست ہے جہاں تمام اقلیتوں کے حقوق سلب کئے جا رہے ہیں عالمی دنیا مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لے۔ ظالم مودی کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے برصغیر کا امن خطرے میں ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں پر ہونیوالے بھارتی مظالم اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کے نام نہاد علمبرداروں کو نظر نہیں آتے ان کی منافقانہ پالیسوں سے مسلم حکمرانوں کو سبق سیکھنا چاہیے۔ حافظ محمد ابوسفیان حنفی نے کہا کہ افواج پاکستان وطن عزیز کے دفاع اور سلامتی کے لیے جو اقدام اٹھائیں گی پوری قوم ان کا بھرپور ساتھ دے گی۔ریلی کے شرکاء نے مظلوم کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف اور پاک فوج کے حق میں نعرہ بازی بھی کی۔۔۔





