سڈنی ۔۔۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اور ایشز سیریز میں فتح کے باوجود مختصر وقت کے معاہدے کی پیشکش پر کوچ جسٹن لینگر مستعفی ہو گئے۔ ان کی جگہ اینڈریو میک ڈونلڈز کو عبوری ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق لینگر کو بعض سینئر کھلاڑیوں کی حمایت حاصل نہ تھی۔ استعفی کی تصدیق کرکٹ آسٹریلیا نے کردی ہے۔ سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پیغام میں کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ جسٹن لینگر کا آج استعفیٰ ملا جو قبول کر لیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز کرکٹ آسٹریلیا نے دورۂ پاکستان کی منظوری دی تھی جس کے بعد آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان کا نیا شیڈول جاری کیا گیا، تین ٹیسٹ، تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز راولپنڈی سے ہوگا۔ آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے شیڈول کے مطابق 3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور ایک ٹی 20 میچ پر مشتمل سیریز کا آغاز راولپنڈی سے ہوگا۔ پہلا ٹیسٹ میچ 4 سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں کھیلا جائیگا۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ12 سے 16 مارچ تک کراچی میں ہوگا جبکہ تیسرا ٹیسٹ 21 سے 25 مارچ تک لاہورمیں کھیلا جائے گا۔