
لاہور،آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس سے متعلق شہباز شریف، حمزہ شہباز اور دیگر کیخلاف سماعت 11 فروری تک ملتوی کر دی گئی۔تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج نسیم احمد ورک نے نیب ریفرنس پر سماعت کی۔ کورونا کے باعث شہباز شریف عدالت پیش نہ ہوئے۔ عدالت نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔ حمزہ شہباز نے پیش ہو کر حاضری مکمل کرائی۔عدالت نے نیب کے گواہ سی ایم ہاس کے سیکشن افسر چوہدری شاہد کے بیان پر جرح کی۔ بتایا گیا کہ شہباز شریف کے شریک ملزمان کی تنخواہوں کا ریکارڈ نیب کو فراہم نہیں کیا گیا۔ نیب کی ایک اور گواہ سی ای سی پی کی افسر سدرہ منصور نے بیان ریکارڈ کرایا اور بتایا کہ انہوں نے العربیہ شوگر ملز سمیت دیگر کمپنیوں کا ریکارڈ فراہم کیا ہے۔غیر رسمی گفتگو میں حمزہ شہباز نے شیخ رشید کی باتوں کو فالتو قرار دے دیا۔ پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ عدالت پیشی کے بعد حمزہ شہباز واپس روانہ ہو گئے۔