
اسلام آباد،منی بجٹ کی منظوری کے بعد فارما سیوٹیکل کمپنیوں کی طرف سے جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافے کیلئے جوڑ توڑ کامیاب ہونے لگا،بخار کی دوا پیراسیٹامول کی پیداوار میں کمی اور مارکیٹ میں قلت کے بعد ڈریپ نے پیرا سیٹا مول کی قیمت میں 30 فیصد تک اضافے کی سمری وفاقی کابینہ کو ارسال کر دی ، فارما سیوٹیکل کمپنیوں نے خام مال کی قیمت میں اضافے اور جی ایس ٹی عائد کئے جانے پر قیمتوں میں اضافے کا مطالبہ کیا تھا ۔
ڈریپ ذرائع کے مطابق پیراسیٹامول کی قیمت میں 30 فیصد تک اضافے کی سمری وفاقی کابینہ کو ارسال کر دی گئی ہے ،حکومت کی طرف سے خام مال کی درآمد پر 17فیصد جی ایس ٹی عائد کئے جانے اور انٹرنیشنل مارکیٹ میں خام مال کی قیمت میں کئی گنا اضافے کے بعد پیرا سیٹا مول کی پیداوار میں 13فیصد تک کمی آئی تھی ، ڈریپ نے قلت پر قابو پانے کیلئے ڈرگ پرائسنگ کمیٹی کی سفارش پر پیرا سیٹا مول کی قیمت میں اضافے کی منظوری دی تھی ۔ذرائع کے مطابق فارما سیوٹیکل کمپنیوں نے پیرا سیٹا مول کی گولی کی قیمت ساڑھے تین روپے کرنے کا مطالبہ کیا تھا تاہم ڈریپ کی طرف سے بھجوائی گئی سمری میں گولی کی قیمت 2روپے 67پیسے مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔