
واشنگٹن (آئی پی ایس )مشرقی یورپ پر منڈلاتے جنگ کے بادل نہ چھٹ سکے۔ امریکا نے نیٹو کی مدد کیلئے مزید 3 ہزار فوجی بھیجنے کا حکم دے دیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس، یوکرائن تنازع پر سفارت کاری کام نہ آ سکی۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل بھی کشیدگی ختم کرانے میں ناکام رہی۔ امریکی صدر نے جلتی پر تیل کا کام کرتے ہوئے نیٹو کی مدد کے نام پر مشرقی یورپ میں مزید 3 ہزار فوجی بھیجنے کا حکم دے دیا۔امریکا کا کہنا ہے کہ اگر روس نے یوکرائن کی سرحد سے اپنی فوج واپس نہ بلائی تو وہ جرمنی میں تعینات اپنے ایک ہزار فوجی پولینڈ بھیجے گا جبکہ 2 ہزار فوجی امریکا سے بھجوائے جائیں گے۔دوسری طرف روس نے امریکی اقدام کو اشتعال انگیز قرار دے دیا۔ روس کے نائب وزیرخارجہ الیگزینڈر گروشکو کا کہنا ہے کہ امریکی فوجیوں کی تعیناتی تباہ کن ثابت ہو گی اور سیاسی حل سے دور لے جائے گی۔ادھر جرمنی اور فرانس ابھی تک یوکرائن کا مسئلہ سفارتکاری سے حل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ جرمن چانسلر اولف شلز اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکخواں نے تنازع کے خاتمے کیلئے ماسکو جانے کا اعلان کیا ہے۔