اہم خبریںپاکستانتازہ ترینتجارت

وزیراعظم عمران خان آج چین کے اہم دورہ پر روانہ ہوں گے

وزیراعظم عمران خان آج چین کے اہم دورہ پر روانہ ہوں گے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان چینی قیادت کی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں۔ عمران خان بیجنگ سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم کے ہمراہ کابینہ ارکان، سینئر حکام بھی وفد کا حصہ ہوں گے۔ چینی صدر شی جن پنگ اور ہم منصب لی کی کیانگ سے ملاقاتیں ہوں گی۔ دوطرفہ تعلقات خصوصا تجارتی و اقتصادی روابط، سی پیک مرکز نگاہ رہے گا۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے ملاقاتوں میں عالمی و علاقائی امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہو گا۔ وزیراعظم کا دورہ دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر ہو رہا ہے۔ وزیراعظم کے دورے میں متعدد باہمی تعاون کی یادداشتوں، معاہدات پر دستخط ہوں گے۔ وزیراعظم بیجنگ کی کاروباری شخصیات، تھنک ٹینکس، اکادمیہ اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے ملیں گے۔ وزیراعظم بیجنگ اولمپکس کے دوران دیگر رہنماوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں کے سربراہوں سے بھی ملاقات ہو گی۔وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعطم عمران خان آج اعلی سطحی وفد کے ہمراہ چین کے اہم دورہ پر روانہ ہو رہے ہیں، اپنے دورہ چین کے دوران وزیراعظم عمران خان چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے، صدر شی جن پنگ دو سال بعد کسی عالمی رہنما سے ملاقات کریں گے اور وہ وزیراعظم عمران خان ہوں گے، وزیراعظم کے دورہ چین کا مقصد سرمائی اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی اور اس کی افتتاحی تقریب میں پاکستان کا جذبہ خیرسگالی پہنچانا ہے، 20 دیگر ممالک کے سربراہان بھی اس وقت چین میں موجود ہیں۔چوہدری فواد حسین نے بتایا کہ وزیراعظم کی چین کے مختلف کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں بھی ہوں گی، اس دورہ کے بعد چین سے کئی کاروباری اور صنعتی یونٹ پاکستان منتقل ہوں گے، وزیراعظم عمران خان کی چین کے صدر اور وزیراعظم سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں کے علاوہ چین کے بڑے سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں بھی طے ہیں، یہ دورہ ہمالیہ سے اونچے اور بحیرہ عرب سے گہرے پاک چین تعلقات کی وسعت میں مزید اضافہ کرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker