اسلام آباد،وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ سی ڈی اے اور ریجنل صدر پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ ہم الحمد للہ بلا تفریق ترقیاتی کام کروا رہے ہیں اسلام آباد میں تاریخی نوعیت کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، ایکسپریس وے پر 1.9 کلومیٹر کی توسیع کے کام کا کنٹریکٹ ایف ڈبلیو او کو ایوارڈ کر دیا گیا، سری نگر ہائی وے کے کام کا پی سی ون جلد بن جائے گا۔
بدھ کو اسلام آباد کی مختلف سڑکوں کی تعمیر پر پیش رفت کے حوالے سے منعقد اجلاس کے بعد اظہارِ خیال کرتے ہوئے علی نواز اعوان نے کہا کہ گزشتہ 3 سال کے دوران اسلام آباد کو اس کی اصل شکل میں بحال کر دیا ہے اور مزید بہتری کے لیے کوششیں جاری ہیں انہوں نے بتایا کہ ایکسپریس وے پر 1.9 کلومیٹر کی توسیع کے کام کا کنٹریکٹ ایف ڈبلیو او کو ایوارڈ کر دیا گیا ہے اور جلد ریلوے برج پر کام کا آغاز ہو جائے گا اور یہ تمام منصوبہ سی ڈی اے کے فنڈز سے مکمل ہوگا انہوں نے کہا کہ سری نگر ہائی وے پر کام کے لیے پی سی ون اگلے ہفتے تک تیار ہو جائے گا، علی نواز اعوان نے کہا کہ مارگلہ ایونیو پر کام آغاز بھی جلد ہو رہا ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے جڑواں شہروں کے شہریوں کو ریلیف ملے گا، اجلاس میں سی ڈی اے، ایف ڈبلیو او ، آئیسکو ، ایس این جی پی ایل اور دیگر متعلقہ محکموں کے حکام نے شرکت کی۔