
اسلام آباد،وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت پاکستان خطے بھر میں صنعتوں میں سرمایہ کاری کیلئے اس وقت موزوں ترین ملک ہے،صنعتوں میں بیرونی سرمایہ کاری سے نہ صرف روزگار اور برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ ٹیکنالوجی کی منتقلی ممکن ہوگی،حکومت ترجیحی بنیادوں پر اسپیشل اکنامک زونز کا نظام پلگ اینڈ پلے ماڈل پر یقینی بنا رہی ہے، تاریخ میں پہلی مرتبہ اسپیشل اکنامک زونز کے بورڈ آف گورنرز اور انتظامیہ کی تقرری میں میرٹ کی بالادستی اور مفادات کے عدم ٹکرائو جیسے پہلوں کو مد نظر رکھا جا رہا ہے۔
منگل کو وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت اسپیشل اکنامک زونز پر اعلی سطح کا اجلاس ہوا ،اجلاس کو رشکئی، دھابیجی، بوستان اور علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے علاوہ ایم تھری انڈسٹریل زون پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ایم تھری اکنامک زون میں صنعتوں کے قیام کیلئے 600 ایکڑ اراضی میسر کردی گئی ہے،اس کے علاوہ بجلی کی فراہمی کے بعد انفراسٹرکچر پر کام تیزی سے جاری ہے۔ اجلاس کو سرمایہ کاری بورڈ کی طرف سے مقامی و بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے صنعتوں کے قیام میں آسانی کیلئے اٹھائے گئے حکومت کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔وزیرِ اعظم نے تمام اقدمات کی معینہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔اجلاس میں وفاقی وزرا شوکت فیاض ترین، اسد عمر، حماد اظہر، فواد چوہدری، مخدوم خسرو بختیار، مشیرِ صنعت و تجارت عبدالرزاق داد، معاونینِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گِل، خالد منصور، چئیرمین سرمایہ کاری بورڈ اظفر احسن اور متعلقہ اعلی افسران کی شرکت کی۔صوبائی وزیرِ صنعت پنجاب میاں اسلم اقبال اور صوبائی چیف سیکٹریز و افسران نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔