
اسلام آباد،فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر ) نے ملک کے 38شہروں کیلئے پراپرٹی کی نئی ویلیوایشن تیار کر لی ،نئی ویلیوایشن میں احتجاج کرنے والے تاجروں ،پراپرٹی ڈیلرز سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کی تجاویز کو شامل کیا گیا ہے ، ہر شہر کے کمرشل علاقوں میں ویلیوایشن میں 3سے 7 فیصدتک ردو بدل کا فیصلہ کیا گیا ہے ، گزشتہ ویلیوایشن پر اعتراضات کے بعد صرف اکثریتی رہائشی علاقوں میں 8 تا 13 فیصد ریلیف ملے گا،پوش علاقوں کے کمرشل ایریا کی عمارتوں اور پلاٹوں کی ویلیو میں فرق 4 فیصد سے زیادہ نہ ہوگا،ایف بی آر کی طرف سے ملک بھر کی نئی پراپرٹی ویلیوایشن کا یکم مارچ کو اعلان کیا جائے گا ۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کی جانب سے ملک کے 38 شہروں کیلئے پراپرٹی کی نئی ویلیوایشن تیار کرلی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ہر شہر کے کمرشل علاقوں کی ویلیوایشن میں 3 تا 7 فیصد ردو بدل کافیصلہ کیا گیا ہے جبکہ گزشتہ ویلیوایشن پر اعتراضات کے بعد صرف اکثریتی رہائشی علاقوں میں 8 تا 13 فیصد ریلیف ملنے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق پوش علاقوں کے کمرشل ایریا زکی عمارتوں اور پلاٹوں کی ویلیو میں فرق 4 فیصد سے زیادہ نہیں ہوگا، پلاٹوں، گھروں ، کمرشل عمارتوں اور فلیٹوں کی نئی مارکیٹ ویلیو ہر شہر میں مختلف ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ برلب سڑک کمرشل عمارتوں اور پلاٹوں کی مارکیٹ ویلیو الگ سے تیار کی گئی ہے۔ لاہور، راولپنڈی، پشاور، کوئٹہ، فیصل آباد، ملتان، حیدرآباد اور مردان میں برلب سڑک پلاٹوں اور عمارتوں کی گزشہ ویلیو میں کوئی فرق نہیں رکھا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ویلیوایشن کے لیے صوبائی لینڈ ریونیو محکموں سے بر لب سڑک ایریاز کی نئی نیوی گیشن لی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق نئی ویلیوایشن میں احتجاج کرنے والے تاجروں ،پراپرٹی ڈیلرز سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کی تجاویز کو شامل کیا گیا ہے،ایف بی آر کی طرف سے ملک بھر کی نئی پراپرٹی ویلیوایشن کا یکم مارچ کو اعلان کیا جائے گا۔