
اسلام آباد،نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سالانہ انتخابات میں جرنلسٹ پینل نے میدان مار لیا،افضل بٹ کی قیادت میں جرنلسٹ پینل کا ایگزیکٹو کی تمام نشستوں پر کلین سوئپ ، انور رضا 1017ووٹ لے کر صدر ، خلیل احمد راجہ 823ووٹ لے کر سیکرٹری اور نیئر علی 740ووٹ لے کر سیکرٹری مالیات منتخب ہو گئیں ،چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت سیاسی رہنمائوں ، صحافتی تنظیموں نے جرنلسٹ پینل کو انتخابات میں شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین الیکشن کمیٹی پریس کلب عاصم قدیر رانا نے انتخابات 2022کے ایگزیکٹو نشستوں کے نتائج کا اعلان کر دیا ۔جس کے مطابق جرنلسٹ پینل کے صدارتی امیدوار انور رضا 1017 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے ، نائب صدور کے امیدوار اظہر جتوئی 980 ، غضنفر عباس 825 ، اے نزیر چرن 839 اورمائرہ عمران 941ووٹ لیکر کامیاب قرار پائیں ، جرنلسٹ پینل کے امیدوار خلیل احمد راجہ 823ووٹ لیکرسیکرٹری پریس کلب جبکہ نیئر علی 740ووٹ لے کر فنانس سیکرٹری منتخب ہو گئیں ۔جوائنٹ سیکرٹری کی نشستوں پر جرنلسٹ پینل کے محمد اسلم لڑکا 882، طلعت فاروق 791 ،وقار عباسی 805اورشکیلہ جلیل 949لیکر کامیاب کامیاب قرار پائیں ۔ چیئرمین الیکشن کمیٹی عاصم قدیر رانا کے مطابق گورننگ باڈی کے نتائج کا اعلان اتوار کو کیا جائے گا۔دوسری طرف چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت سیاسی رہنمائوں ، صحافتی تنظیموں نے جرنلسٹ پینل کو انتخابات میں شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سلیکٹڈ حکمران آزادی صحافت سے ڈرتے ہیں، جمہوریت پسند صحافیوں نے ہر آمر کی آمریت کی مزاحمت کی ہے ، ملک میں آج صحافی مشکل حالات کا سامنا کر رہے ہیں، پیپلزپارٹی آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے ، 27فروری کو ہونے والا لانگ مارچ آزادی اظہار اور عوام کے حقوق کیلئے ہے۔نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ نو منتخب صدر انور رضا، سیکرٹری خلیل راجہ اور دیگر تمام عہدیداران کو مبارکبادپیش کرتی ہوں، صحافیوں کے حقوق اور آزاد صحافت کو یقینی بنانے میں پریس کلب کا اہم کردار ہوتا ہے، پیپلز پارٹی اس جدوجہد میں نو منتخب تنظیم کے ساتھ کھڑی ہے، اس وقت صحافی مشکل دور سے گزر رہے ہیں، آزاد صحافت اور آزادی اظہار پر قدغنیں لگائی جا رہی ہیں، پریس فریڈم اینڈیکس میں پاکستان صحافیوں کیلئے خطرناک ترین ممالک میں شامل ہو گیا ہے،وفاقی دار الحکومت میں صحافیوں پر سب سے زیادہ تشدد کے واقعات ریکارڈ ہوئے ہیں، ان سب چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پیپلز پارٹی صحافتی تنظیموں اور پریس کلبز کے شانا بشانا کھڑی ہے۔سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے نو منتخب باڈی آزادی صحافت، حق، سچ اور صحافی برادری کے حقوق کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔علاوہ ازیں پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر صدیق ساجد، سیکریٹری آصف بشیر چودھری اورسیکرٹری اطلاعات ملک سعید اعوان سمیت تمام ایگزیکٹو کمیٹی ممبران نے نیشنل پریس کلب کے نو منتخب صدر انور رضا ،سیکرٹری راجہ خلیل اور فنانس سیکرٹری نئیر علی سمیت تمام منتخب ہونے والے امیدواروں کو مبارک باد دی ہے۔پی آر اے کے جاری کردہ ایک تہنیتی پیغام میں پی آر اے ایگزیکٹو و گورننگ باڈی اراکین نے اس امید کا اظہار کیا کہ نیشنل پریس کلب کی نومنتخب قیادت پر صحافیوں نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ اس پر نہ صرف پورا اتریں گے بلکہ صحافتی برادری کے مسائلِ کے حل اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے بھی کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے ۔پی آر اے نے صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے نو منتخب باڈی کو اپنے مکمل تعاون کا بھی یقین دلایا ۔