
اسلام آباد،وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے کچرے کو ٹھکانے لگانے کے لئے سی ڈی اے کی لینڈ فل سائٹ کے لئے حاصل کی گئی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی 400 کنال اراضی کے معاہدے کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے جس کی منظوری راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے 41 ویں بورڈ اف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں دی گئی ہے۔یہ اراضی مندرہ چکوال روڈ پر گاوں بگنیال، ڈیرہ پوٹھی، اور سہنگ تحصیل گوجر خان ضلع راولپنڈی میں واگزار کی گئی ہے۔
سی ڈی اے کے لئے یہ اراضی مندرہ چکوال روڈ پر جی ٹی روڈ سے تقریبا 6 کلومیٹر نیچے اور شہر کے مرکز سے 55 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے جس کا اطلاق حکومت پنجاب کے تمام قابل اطلاق قوانین، قواعد و ضوابط کی پاسداری سے مشروط ہے۔وزارت منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)، اسلام آباد کو مناسب لینڈ فل سائٹ کی عدم موجودگی اور کچرے کو ٹھکانے لگانیکے بنیادی ڈھانچے کا فقدان گزشتہ کئی دہائیوں سے تھا۔جو اسلام آباد کے لے ماحولیاتی آلودگی کا بھی باعث بن رہا تھا۔ سی ڈی اے کو اسلام آباد کے کچرے کو سنبھالنے کے لئے بے پناہ چیلنجز کا سامنا رہا ہے ، راولپنڈی ویسٹ میجمنٹ نے مندرہ چکوال میں 1265 کنال اراضی حاصل کی تو ہم نے انھیں سی ڈی اے کے لیے بھی اس میں سے 400 کنال زمین مختص کرنے کی استدعا کی جس کے لئے کئی اجلاس بتدریج مرتب کئے گئے اور بالآخر راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے 41ویں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں 1265 کنال اراضی میں سے 400 اراضی اسلام آباد کے کچرے کو ٹھکانے لگانے کے لئے سی ڈی اے کے لئے مختص کرنے کی منظوری دے دی گئی جس کا اطلاق حکومت پنجاب کے تمام قابل اطلاق قوانین، قواعد و ضوابط کی پاسداری سے مشروط ہے۔ وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں ایم او یو کا ڈرافٹ بھی تیار کر لیا گیا ہے۔ اسد عمر کا کہنا تھاکہ کوڑے کرکٹ کے اتنے بڑی تعداد میں شہر میں پڑے رہنے سے نہ صرف صحت کے مسائل جنم لیتے ہیں بلکہ ماحول کے لیے بھی شدید خطرات لاحق ہوتے ہیں۔ سی ڈی اے کو 400 کنال اراضی ملنے سے سے ڈی اے کا لینڈ فل سائٹ کا درینہ مسئلہ جلد حل ہو جائے گا ۔ہماری اولین ترجیح اسلام آ باد کوماحولیاتی آلودگی سے پاک اور شہریوں کو بہترین صاف ماحول فراہم کرنا ہے ۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے نئی لینڈ فل سائٹ کے ماحولیاتی اثرات کی تشخیص کے لئے جلد از جلد کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے اور معاہدے کی یاداشت پر کام کرنے کی ہدایات دیں ۔ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بورڈ آف ڈیٹیکٹرز کے آئندہ اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی اس سائٹ کو استعمال کرنیکے لئے بہترین طریقہ وضع کرنے کے لئے مزید سفارشات پیش کرے گی۔