اسلام آباد۔۔ ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ڈاکٹرثنا اللہ عباسی کی ہدایت اور ڈائریکٹر خیبرپختونخوا مجاہد اکبر کی خان کی زیرنگرانی ایف آئی اے سی بی سی پشاور نے ایک کارروائی کے دوران کرنسی کے غیرقانونی لین دین کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے سی بی سی پشاور محمد افضل خان نیازی کے مطابق ضلع بونیر کا رہائشی عزیز اکبر کرنسی کے غیرقانونی کاروبار اور متوازی بینکنگ چلانے کے الزامات پر ایف آئی اے سی بی کو گزشتہ ایک سال سے مطلوب تھا۔ وہ 2016 سے 2021 کے درمیان مختلف منی چینجر کے ذریعے غیرملکی کرنسی کی تبدیلی کا متوازی بینکنگ نظام چلارہا تھا اور اس نے اشفاق مینجر رائل منی چینچر مال پلازہ راولپنڈی کے ذریعے 659 مرتبہ کرنسی تبدیل کرائی۔ انہوں نے بتایا کہ اس کی تبدیل کرائی کرنسی کی مالیت 2 ارب 26 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ اس کے خلاف فروری 2021 میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔