
گلگت ۔۔۔۔ گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عبدالطیف نے ملک کے ماہر قدرتی وسائل سی ای او گلوبل بزنس ڈاکٹر مبشر بھٹی سے ملاقات کی اور جی بی آر ایس پی کے قیام کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی انہوں نے ادارہ ہٰذا کے طریقہ کار سے متعلق اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ جی بی آر ایس پی لوگوں کے اشتراک سے کام کرتا ہے اس بارے میں کمیونٹیز کو یکجا کرتے ہوئے معاشی ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لئے ٹھوس بنیادوں پر منصوبہ بندی تیار کی جا چکی ہے تا کہ اجتماعی طور پر کام کرتے ہوئے وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھایا جاسکے انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کی سرزمین زرعی اجناس کے حوالے سے بڑی زرخیز ہے خطہ بھر میں پھل فروٹ وافرمقدار میں پائے جاتے ہیں ہمارا ادارہ عوام الناس کو زرعی اجناس کے فوائد اور مارکیٹ سے متعلق ااگاہی کے ساتھ ساتھ تربیت کا بھی بندوبست کرتا ہے تاکہ سکھائے گئے طریقوں کے مطابق لوگ اجتماعی مارکیٹ کی طرف راغب ہو سکیں یوں بہت جلد ترقی کے اہداف حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ سی ای او کی تفصیلی بریفنگ کے بعد ڈاکٹر مبشر بھٹی نے جی بی آر ایس پی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے آنے والے وقتوں میں جی بی آر ایس پی کے ساتھ مشترکہ کوششوں کو فروغ دینے اور خطے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور کہا ہے کہ قدرتی وسائل سے استفادہ کرنے کے لئے ضروری ہے کہ مقامی سطح کی آبادی انفرادیت کے خول سے نکل کر اجتماعیت کی طرف راغب ہو تاکہ مل کر مشترکہ جد و جہد کے ذریعے ترقی کے منازل طے کئے جا سکیں۔





