
اسلام آباد (آئی پی ایس )وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ سی ڈی اے علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہو رہی ہے اور توقع کے مطابق گزشتہ سال معاشی شرح نمو 5 اعشاریہ 37 فیصد رہی جو کووڈ-19 کے دور میں ہر لحاظ سے شاندار ہے، کووڈ-19 کے خلاف بہترین کارکردگی کے حوالے سے نارمیلسی انڈیکس میں پاکستان دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے، جمعہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران ہم نے پیشگوئی کی تھی کہ پاکستان کی شرح نمو 4 سے 5 فیصد کے درمیان رہے گی اور کل آنے والے اعدادوشمار نے ہماری اس پیشگوئی پر تصدیق کی مہر ثبت کر دی ہے اور گزشتہ مالی سال کی شرح نمو 5 اعشاریہ 37 فیصد رہی باوجود اس کے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان کو بھی کووڈ-19 کی وجہ سے بار بار لاک ڈان اور پابندیوں کے مراحل سے گزرنا پڑ رہا تھا، انہوں نے کہا کہ اس وقت تمام معاشی اشاریے مثبت سمت میں جا رہے ہیں سمال میڈیم اور لارج سکیل مینو فیکچرنگ کے شعبوں میں شاندار بہتری ہورہی ہے زراعت میں ریکارڈ پیداور ہورہی ہے اور کسان کو ریکارڈ امدادی قیمت مل رہی ہے انہوں نے کہا کہ انشا اللہ رواں مالی سال پاکستان کی شرح نمو 6 فیصد رہے گی اور آنے والے دنوں میں مہنگائی میں بھی نمایاں کمی ہوگی، علی نواز اعوان نے کہا کہ کووڈ-19 کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے والے ممالک میں پاکستان دوسرے نمبر پر ہے جو اس حقیقت کی غمازی کرتا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کی ٹیم نے کووڈ کا مقابلہ کرنے کے لیے بہترین حکمت عملی ترتیب دی جس کے ثمرات نہ صرف آج ہمارے سامنے ہیں بلکہ ہم نے کووڈ وبا کے عروج کے دنوں میں بھی دیکھا کہ جب دنیا بھر میں کووڈ کی وجہ سے شرح اموات خطرناک حدوں کو چھو رہی تھی پاکستان میں حالات بہت بہتر رہے اور اس کا سارا کریڈٹ این سی او سی کے سربراہ اسد عمر اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے، علی نواز اعوان نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ایک مرتبہ پھر اومیکرون کے خلاف بھی اسی ذمے داری کا مظاہرہ کریں تاکہ ہم وطن عزیز کو اس وبا سے چھٹکارا دلا سکیں