
اسلام آباد، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ لاہور میں رونما ہونے والا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، ہمیں معلوم ہے کہ کچھ امن مخالف قوتیں یہاں اسپائیلرز کا کردار ادا کرنا چاہ رہی ہیں ،وہ نہیں چاہتیں کہ پاکستان میں معاشی استحکام ہو، ہمیں گھبرانے کی قطعاًضرورت نہیں ہے ہم نے ان عناصر کا تدارک کرنا ہے، ماضی میں بھی ہماری قوم نے اور ہماری سپاہ نے ان قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور انہیں شکست دی آئندہ بھی انشااللہ اسی طرح انہیں منہ کی کھانا پڑے گی، ہم خطے میں امن و امان کے خواہاں ہیں۔اپنے ایک بیان میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہماری پالیسی، نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کی معاشی ترقی ہے، ہم دہشت گردی کا مقابلہ دانشمندی سے کریں گے اس حوالے سے ہمارے درمیان قومی اتفاق رائے موجود ہے،ہم اس پر آگے بڑھیں گے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال آپ کے سامنے ہے، آج برطانیہ میں "جنگی جرائم” کا تذکرہ ہو رہا ہے، بھارت پر نسل کشی کے الزامات لگ رہے ہیں، دنیا بھارتی مظالم پر کھل کر بات کر رہی ہے، وہ عناصر کیوں چاہئیں گے کہ پاکستان میں امن ہو،استحکام اور معاشی ترقی ہو، بہت سے دہشت گردی کے واقعات کا سراغ رونما ہونے سے پہلے لگا لیا گیا اور ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایا گیا۔انہوں نے کہا کہ لاہور کے واقعہ کی ذمہ داری جس گروپ نے قبول کی ہے ،دیکھنا یہ ہے کہ ان کے پیچھے کون سی قوتیں کارفرما ہیں، انہیں تربیت اور اسلحہ کہاں سے مل رہا ہے؟ کلبھوشن کا کیس اور انکشافات آپ کے سامنے ہیں، ہم نے سفارتی حوالے سے ہر فورم پر ان عناصر کے خلاف آواز اٹھائی اور انہیں بے نقاب کیا اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے، دہشت گردی کے خلاف جامع حکمت عملی موجود ہے اس پر ہمیں گامزن رہنا ہے، میں توقع رکھتا ہوں کہ اپوزیشن ایسے قومی نوعیت کے معاملات پر ہمارا ساتھ دے گی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم جنوبی پنجاب کے صوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے آگے بڑھنا چاہتے ہیں، اس ضمن میں آئینی ترمیم کیلئے ہمیں 2/3 اکثریت درکار ہے، اس حوالے سے کل میں نے شہباز شریف صاحب اور بلاول بھٹو زرداری کو خط کے ذریعے دعوت دی ہے کہ وہ جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے درکار آئینی ترمیم کے ضمن میں ہمارا ساتھ دیں تاکہ جنوبی پنجاب کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پایہ تکمیل تک پہنچ سکے، میں توقع رکھتا ہوں کہ جنوبی پنجاب کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے وہ ہماری دعوت پر سنجیدہ ردعمل کا مظاہرہ کریں گے،اور ہمارے ساتھ تعاون کریں گے۔