
بیجنگ،بیجنگ سرمائی اولمپکس 2022 میں چند روز ہی باقی ہیں۔
بیجنگ سرمائی اولمپکس کی انتظامی کمیٹی نے شرکا کی محفوظ اور ہموار آمد کو یقینی بنانے کے لیے موئثر اقدامات اپنائے ہیں۔ چینی میڈ یا کے مطا بق انتظامی کمیٹی کے ڈائریکٹر چانگ لیانگ کے مطابق اولمپک شرکا کے لیے ایک محفوظ، منظم، ہموار اور آسان طریقے سے آمد اور روانگی کی خدمات کا منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے۔ سرمائی اولمپکس کے حوالے سے ایتھلیٹس اور ٹیم آفیشلز کے لیے جاری کی جانے والی پلے بک کے مطابق تمام شرکا کی مکمل ویکسینیشن لازمی ہے۔ پلے بک میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر کسی بھی فرد کی مکمل ویکسی نیشن نہیں ہوئی ہے تو اسے بیجنگ پہنچنے پر 21 دن کے لیے قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔اولمپکس شرکا کو اس حوالے سے "My 2022” اسمارٹ فون ایپلی کیشن ڈان لوڈ کرنے کی ضرورت ہے اور چین آمد سے 14 روز قبل یومیہ اپنی صحت کی نگرانی کرنا ہو گی۔شرکا کو چین کے لیے اپنی پرواز کی روانگی کے 96 گھنٹوں کے اندر دو الگ الگ دنوں (کم از کم 24 گھنٹے کے وقفے کے ساتھ) کووڈ۔19ٹیسٹ کے منفی نتائج کا ثبوت بھی فراہم کرنا ہوگا۔ان دو میں سے ایک ٹیسٹ روانگی کے 72 گھنٹوں کے اندر ہونا چاہیے اور یہ ٹیسٹ چینی سفارت خانے یا قونصل خانے سے منظور شدہ ٹیسٹنگ اداروں کے ذریعے ہونا چاہیے۔ بیجنگ کیپیٹل انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر اولمپکس شرکا کا دوبارہ ٹیسٹ کیا جائے گا اور گیمز کے دوران روزانہ کووڈ۔19کے اسکریننگ ٹیسٹ ہوں گے۔چانگ کے مطابق وبائی صورتحال کے باعث بین الاقوامی پروازیں بدستور متاثر ہو رہی ہیں۔اس تناظر میں انتظامی کمیٹی نے چین کے لیے پروازوں کے شیڈول میں ہم آہنگی کے لیے ایک گروپ قائم کیا ہے۔اس وقت 19 چینی اور غیر ملکی ایئرلائنز کھیلوں کے دوران مستحکم طور پر پروازیں چلائیں گی۔