
اسلام آباد،آزاد کشمیراور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں 5 اعشاریہ 6 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں ملاکنڈ ،وادی نیلم ، شادرہ، دودنیال، تہجیاں اور متعدد علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس کے بعد خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔ سوات، بونیر، چترال ،خیبر پختوانخواہ کے مختلف علاقوں ،گلگت بلتستان ،ملاکنڈ ،مردان اور باجوڑ،پشاور، صوابی، اسلام آباد ، نوشہرہ اور بالاکوٹ و گردو نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 5 اعشاریہ 6 ریکارڈ کی گئی جبکہ گہرائی زیر زمین 100کلومیٹر ریکارڈ کی گئی اور زلزلے کا مرکز افغانستان تاجکستان بارڈر ہے۔ زلزلے کے باعث شہریوں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا اور وہ کلمہ طیبہ اور استغفار کا ورد کرتے ہوئے اپنے گھروں، دفاتر اور ضروری کام کاج کو چھوڑ کر باہر نکل آئے، فوری طور پر زلزلے سے کسی جانی ومالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔