اسلام آباد(آئی پی ایس )سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت کی اکثریت کا خمیازہ 22 کروڑ عوام بھگت رہی ہے، سینیٹ میں کورم پورا نہ ہونے کے باوجود اپوزیشن تعاون کر رہی ہے، ہم جب سوال کا جواب مانگتے ہیں ہیں تو یہ سابقہ حکومتوں کی بات کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں بھی اسپیکر قومی اسمبلی رہا ہوں سوال کا جواب ہاں یا نہ میں دیں لیکن سوال کا جواب نہیں دیا جاتا اور تنقید کی جاتی ہے اور ہمیں کہا جاتا ہے کہ آپ روئیں گے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہم نے آج واک آوٹ اس لئے کیا کیونکہ یہ سوالوں کا جواب دینے کی بجائے حکومتی کارکردگی بتا رہے تھے۔انہوںنے کہا کہ ہر مہینے پیٹرول کی قیمت بڑھا دی جاتی ہے جس کی وجہ سے 22 کروڑ عوام پریشان ہیں جبکہ آج ان کی اکثریت کی وجہ سے 22 کروڑ عوام رو رہی ہے۔





