بیجنگ ، چین کے صدر شی جن پھنگ کے خصوصی نمائندے اور چین کی قومی عوامی کانگریس کی مستقل کمیٹی کے نائب چیئرمین زاو جیان منگ نے نکاراگوا کے صدر جوزے ڈینئیل اورٹیگا کی نئی مدتِ صدارت کے آغاز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور ان سے ملاقات کی۔
چینی میڈ یا کے مطا بق زاو جیان منگ نے صدر اورٹیگا کو چین کے صدر مملکت شی جن پھنگ کی جانب سے مبارک باد اور نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ تائیوان کے معاملے میں چین، نکاراگوا کی جانب سے تاریخی اور دنیا کے عمومی رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے تائیوان کے ساتھ "سفارتی تعلقات منقطع کرنے” اور عوامی جمہوریہ چین کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کرنے کے فیصلے کو سراہتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد ایک ماہ کے دوران دونوں فریقین کی مشترکہ کوششوں سے دوطرفہ تعلقات میں بھرپور پیش رفت ہوئی ہے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ چین اور نکاراگوا کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی ایک درست فیصلہ ہے اور اس سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ ہو گا۔ صدر اورٹیگا نے کہا کہ نکاراگوا اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد سے دوطرفہ تعلقات کی ترقی نے شاندار نتائج حاصل کیے ہیں۔ نکاراگوا ایک چین کے اصول کی ثابت قدمی سیپاسداری کرے گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا ملک چینی صدر شی جن پھنگ کے پیش کردہ "دی بیلٹ اینڈ روڈ” تعاون اور عالمی ترقیاتی انیشیٹیو میں شمولیت کا خواہش مند ہے اور مکمل طور پر اس کی حمایت کرتا ہے ۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ چین کے ساتھ مل کر مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو مزید گہرا کیا جا ئے گا۔