
گلگت (آئی پی ایس) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے چلاس کا ایک روزہ دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کو محکمہ تعمیرات کی جانب سے لیچر پل کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے لیچر پل کے تعمیراتی کام میں تاخیر پر براہمی کا اظہار کرتے ہوئے محکمے کو ہدایت کی ہے کہ تین ماہ میں اس کام مکمل کریں۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے اس موقع پر لیچر گاؤں تک 6کلومیٹر روڈ کا بھی اعلان کیا۔ بعدازیں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کو محکمہ تعمیرات اور ایف ڈبلیو او کی جانب سے تتہ پانی متبادل شاہراہ اور پل کی تعمیر کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے محکمہ تعمیرات اور ایف ڈبلیو او کے متعلقہ آفیسران کو ہدایت کی کہ اگست تک تتہ پانی متبادل شاہراہ کیلئے پل کو فعال بنائیں۔ وزیر اعلیٰ نے بارگین تک ٹریک ایبل شاہراہ تعمیر کرنے کا بھی اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کو دورہ چلاس کے موقع پر واپڈا اور محکمہ تعمیرات کی جانب سے کیڈٹ کالج چلاس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ کیڈٹ کالج چلاس انتہائی اہم منصوبہ ہے31مارچ تک کیڈٹ کالج چلاس کی بلڈنگ کو فعال بنایا جائے۔ اساتذہ اور طالب علموں کیلئے درکار اضافی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے الگ پی سی ون تیار کرکے 20 دنوں میں متعلقہ فورم میں پیش کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ چلاس کیڈٹ کالج اور پبلک سکول کی سالانہ گرانٹ میں اضافہ کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ تعمیرات کو ہدایت کی کہ فیری میڈوز روڈ کا سروے کرائے جائے اور دڑن پل تا رائیکوٹ روڈ 6 ماہ میں مکمل کریں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے ریجنل ہیڈکوارٹر ہسپتال چلاس کا بھی دورہ کیااور ٹراما سنٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر محکمہ صحت اور محکمہ تعمیرات کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دیامر اور سکردو میں ایم آر آئی مشین جلد نصب کی جائے گی تاکہ یہاں کے مریضوں کو ایم آر آئی کی سہولت دستیاب ہوسکے۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ تعمیرات کو ہدایت کی کہ چلاس ریجنل ہیڈکوارٹر ہسپتال کا تعمیراتی کام جون تک مکمل کریں۔ چلاس ریجنل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی دورکی جائے گی اور درکارسہولیات کو یقینی بنائیں گے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے محکمہ جاتی بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دیامر میں منصوبوں کے التواء سے علاقے میں تعمیر و ترقی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ ماہانہ بنیادوں پر متعلقہ محکموں سے ترقیاتی منصوبوں پربریفنگ لے۔ جزاء و سزاء کا نظام سخت کیا جائے۔ زیر تعمیر منصوبوں کی بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔





