اسلام آباد،آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس کی ہدایت پراے ایس پی کوہسار بینش فاطمہ اورایس ایچ اوکا مری میںوفات پانے والے اے ایس آئی نوید اقبال کے گھر آمد ، مرحوم پولیس افسر کی بیوی اوربیٹے کے دلاسہ اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ، اسلام آباد پولیس کی تین ایمبولینسزاور دو پولیس افسران کو مرحوم اور فیملی کے جسد خاکی لینے کیلئے مری روانہ کر دیا گیا ، مری ایکسپرس وے پر شہریوں کو ریسکیو کرنے کیلئے آپریشن کا بھی آغاز کر دیا گیا ۔
ہفتہ کو ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق گزشتہ رات مری میں پھنس جانے والے اے ایس آئی نوید اقبال تین بیٹیوں اور ایک بیٹے سمیت وفات پا گئے ہیں۔مرحوم کی بیوی اور ایک بیٹا اسلام آباد گھر پر موجود ہیں۔اے ایس پی کوہسار بنش، ایس ایچ او کوہسار مرحوم کے لواحقین کے گھرموجود ہیں۔مرحوم اے ایس آئی نوید اقبال تھانہ کوہسار میں تعینات تھے۔مرحوم اے ایس آئی تلہ گنگ کے گاوں ددھیال ضلع چکوال کے رہائشی ہیں۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد پولیس اس کڑے وقت میں لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے، مرحوم اے ایس آئی کے لواحقین سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا، اسلام آباد پولیس راولپنڈی انتطامیہ کے ساتھ رابطے میں ہے، پولیس کی امدادی ٹیم بھی مری روانہ کر دی گئی ہے ، علاوہ ازیں مری ایکسپرس وے پر شہریوں کو ریسکیو کرنے کیلئے آپریشن کا بھی آغاز کر دیا گیاہے ۔