
ہری پور(آئی پی ایس )امریکہ سے آئے پاکستانی نژاد امریکن آرتھوپیڈک ڈاکٹر دانش علی نے اپنے ڈاکٹرساتھیوں کے ہمراہ ہری پور میں اپنے آبائی علاقے کلنجر میں ضرورت مند افراد کیلئے دو روزہ فری میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا جس میں ڈیڑھ سے دو سو مریضوں کا بغیر معاوضہ علاج کیا گیا ادویات دی گئیں اور ضروری آپریشن بھی کیے گئے، اس سے قبل کراچی کے مقامی اسپتال میں بھی تین روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیاگیا تھا۔ڈاکٹر دانش علی ،انکے ساتھی ڈاکٹر آغا سجاد اور ڈاکٹرکاظم رحیم نے6اور 7 جنوری کو کلنجرمیں لگائے گئے ،فری میڈیکل کیمپ میں عرق النسا، جوڑوں، گردن ، گھٹنوں اور مہروں کے درد کا شکار مریضوں کا فردا فردا کا معائنہ کیا اور دوایات تجویز کی ، فوری ضرورت کے مستحق مریضوں کا آپریشن بھی کیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر دانش علی کا کہنا تھا کہ وہ ہر سال پاکستان میں کراچی اور اپنے علاقے کالنجر ہری پور میں فری میڈیکل کیمپ لگاتے ہیں جس کا مقصد دکھی انسانیت کی خدمت کرنا ہے اس تمام عمل کے اخراجات خود برداشت کرتے ہیں امریکہ سے آئے ان کے ساتھی ڈاکٹر بھی اس کار خیر میں بھرپور حصہ لیتے ہیں ۔انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے دادا حاجی ظفر سلطان کی کمیونٹی کے لئے بڑی خدمات تھی اس سلسلے کو ان کے والد شوکت علی نے بھی جاری رکھا ہوا ہے۔